Input your search keywords and press Enter.

کشمیر کے پاکستان سے الحاق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، چوہدری قربان

پی ٹی آئی کشمیر کے رکن، کشمیر سالیڈیریٹی کمپئین لوٹن کے کوآرڈی نیٹر اور لوٹن اسلامک کلچرل سوسائٹی لوٹن سنٹرل ماسک کے سینئر عہدیدار حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہےکہ 5 فروری کو وزیر پاکستان عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے آزاد کشمیر کے کنٹرول لائن کے علاقے کوٹلی آزاد کشمیر کا بذات خود دورہ کرکے کشمیری عوام سے یکجہتی کا جو مظاہرہ کیا ہے، اس سے مقبوضہ کشمیر بہت اچھا پیغام گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے کشمیر بنے گا پاکستان کے کوٹلی جلسہ عام میں خود نعرے لگائے جس سے قیام پاکستان کے مقاصد اور کشمیر کی آزادی اور الحاق پاکستان کی تحریک کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے بہت بڑے اجتماع سے کشمیری عوام کی حمایت پر مبنی خطابات سے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی توانائی مہیا کی گئی ہے، کئی ہزار افراد کے اجتماع پر وزیراعظم پاکستان کا آزادی کشمیر اور حق خودارادیت کے مطالبے کشمیری عوام کے دلوں کی آواز تھے جس پر برطانیہ کے کشمیری عمران خان سے تشکر کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کوٹلی یوم یکجہتی کشمیر پروگرام پر پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی خداداد صلاحیتوں کا اعتراف بھی کیا جانا چاہئے، عوام کے جم غفیر کی شرکت ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے اور ہم ان تمام کشمیری عوام سے بھی تشکر کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے وزیراعظم اور دیگر قیادت کے ساتھ محبتوں اور الفتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔، یقینی طور پر اس اجتماع سے کشمیریوں اور پاکستان کے مابین رشتے مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور کشمیر کے مسئلے کے حل میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح مصالحانہ انداز میں کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات کی مودی کو دعوت دی وہ ان کے اعلیٰ سیاسی اور سفارتی وژن کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا کوٹلی میں آزاد کشمیر بھر کے عوام نے تاریخی استقبال کیا اس سے بھارت کو یہ واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کا محسن اور ہمدرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر کشمیری عوام نے آخر کار مملکت پاکستان کا حصہ بننا ہے اور الحاق پاکستان کا فیصلہ کشمیری اکابرین نے پاکستان کے قیام سے بھی پہلے کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں عوام الناس کی بھاری اکثریت کی شرکت سے عالمی سطح پر بھی اچھا مثبت پیغام گیا ہے، اس سے ان لوگوں کو لگام ملے گی جو کشمیر اور پاکستان کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی سازشیں کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کوٹلی یوم یکجہتی کشمیر کے بہت بڑے اجتماع نے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کے لوگوں کے دل پاکستان کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کے رشتے فطری اور قدرتی نوعیت کے ہیں، ہمارا جغرافیہ اور تاریخ ایک ہے اور وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب پوری ریاست جموں کشمیر باضابطہ طور پر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان کے جس عظیم مقصد کو لے کر سردار محمد ابراہیم خان، چوہدری نور حسین، سردار فتح محمد خان کریلوی اور دیگر مشاہیر آگے بڑھے تھے ہم اس مشن کو جاری و ساری رکھیں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے