Input your search keywords and press Enter.

بھارت نے پوری کشمیری آبادی کو گزشتہ سات دہائیوں سے یرغمال بنارکھاہے، حریت کانفرنس

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے عالمی سطح پرتسلیم شدہ حق خودارادیت کے مطالبے پر پوری کشمیری آبادی کو گزشتہ سات دہائیوں سے یرغمال بنارکھاہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے اس بنیادی حق سے محروم رکھنے اور جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقراررکھنے کے لئے اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
دریں اثناء انسانی حقوق کے ایک آزادادارے” فورم فار ہیومن رائٹس ان جموں اینڈکشمیر” نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے 18 ماہ بعد بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بلا روک ٹوک جاری ہیں۔
بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مدن بی لوکر اور کشمیرکے بارے میں بھارت کی سابق مذاکرات کار رادھا کمار کی مشترکہ قیادت میں فورم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جبری نظربندیاں جاری ہیں جبکہ دفعہ 144 کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی ہے او رکمسن بچوں سمیت سینکڑوں افراد نظربند ہیں۔
جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے امریکی صدر جو بائیڈن کو لکھے گئے خط میں ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
حریت رہنما خواجہ فردوس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت اپنے من پسند سفارتکاروں کو فوجی نرغے میں مقبوضہ علاقے میں بھیج کر ایک بار پھرعالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے