پارٹی ورکروں کے کنونشن سے خطاب پی ڈی پی کی صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بنیادی مسئلہ ہے جو جوں کا توں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا کوئی پُرامن حل نہ نکالا جائے وفود کے آنا یا نہ آنا کوئی معنی نہیں رکھتا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے غیرملکی سفارتکاروں کے وادی کشمیر کے دورہ کو فضول مشق قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی بہت سارے ڈیلی گیشن یہاں آئے لیکن اُن سے کیا حاصل ہوا اور آج بھی یہ دورہ فضول مشق ہے۔ محبوبہ مفتی نے ہندوارہ کے مختصر دورے کے دوران پارٹی ورکروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر بنیادی مسئلہ ہے جو جوں کا توں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا کوئی پُرامن حل نہ نکالا جائے وفود کے آنا یا نہ آنا کوئی معنی نہیں رکھتا ہے۔
ہندوراہ دورے کے دوران محبوبہ مفتی کانسٹی چیونسی ہیڈ عرفان محی الدین صوفی کے گھر بھی گئیں اور ان کی بیمار والدہ کی عیادت کی۔ اس دوران محبوبہ مفتی نے بدھوار کو کپوارہ ضلع کا دو روزہ دورہ سمیٹ لیا۔ بدھ کو انہوں نے کپوارہ میں متعدد عوامی وفود سے ملاقات کی۔ انہوں نے منگلوار کو کپوارہ میں پارٹی ورکروں سے خطاب کرنے کے بعد کرناہ، لولاب، کپوارہ، ہندوارہ اور لنگیٹ کے عوامی وفود سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ ہندوارہ سے آئے وفد نے مطالبہ کیا کہ ہندوارہ میں مجوزہ میڈیکل کالج کی تعمیر کا کام فوری طور شروع کیا جائے۔ راجوار اور لولاب کے وفود نے ان علاقوں میں بجلی کی نامعقول سپلائی اور انتظامی ڈھانچے کی عدم دستیابی کے مسائل کو اجاگر کیا۔
