Input your search keywords and press Enter.

تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے پاکستانی وزیر اعظم کے ٹویٹ کا خیرمقدم

 غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن اور جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالے سے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ٹویٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاقب وانی نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے کی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کوبین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے عالمی اداروں پر زوردینے کے لئے عمران خان کے کردار کو تمام کشمیریوں نے سراہا ہے۔

جموں وکشمیر ینگ مینز لیگ کے وائس چیئرمین زاہد اشرف نے اسلام آباد میں ایک بیان میں ٹویٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت ہی مثبت بیان ہے جس سے دوراندیشی اور امن پسند ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے جبکہ اس کے برعکس بھارتی حکومت کی ظالمانہ اور فرقہ پرست ذہنیت نے خطے کو جنگ اور انسانی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

زاہد اشرف نے پاکستانی وزیر اعظم کے ٹویٹ اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے 2003 کے معاہدے پر از سر نو اتفاق رائے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پورے خطے کے لئے بہت بہتراور حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر عمل کرے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے دوبارہ جامع مذاکرات شروع کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے