Input your search keywords and press Enter.

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے، تحریک وحدت اسلامی

کنٹرول لائن پر جنگ بندی ایک اہم پیش رفت ہے تاہم اصل اور بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے جس کے حل سے بھارت نے مسلسل فرار اختیار کر رکھی ہے
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میںتحریک وحدت اسلامی نے جموںوکشمیر کے بارے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ بیان کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے حقیقت پر مبنی قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماحول کو مزید بہتر بنانے کی ذمہ داری بھارت پرہے اور اسے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خود اردیت دینے کیلئے ضروری اقدامات کرنا ہونگے۔
تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اپنے ٹویٹ میں کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی ایک اہم پیش رفت ہے تاہم اصل اور بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے جس کے حل سے بھارت نے مسلسل فرار اختیار کر رکھی ہے اور وہ نہتے کشمیریوں کو بے پناہ مظالم کا نشانہ بنانے کے علاوہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی زمینی صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کومسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا خطے میں امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا اور نہ ہی پاک بھارت تعلقات پائیدار بنیادوں پر بہتر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کشمیرکے حوالے سے گزشتہ سات دہائیوں کی تاریخ وعدہ خلافیوں، مکروفریب ، دھوکہ دہی اور چالبازی سے لبریز ہے لہذا وزیر اعظم پاکستان کا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ ماحول کو مزید خواشگوار بنا نا اب بھارت کے ہاتھ میں ہے۔ تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت اپنی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کرکے کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دینے کیلئے اقدامات کر کے ہی ماحول کو دائمی طور پر خوشگوار بناسکتی ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے