اسلام آباد:سابق صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان نے مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس بات کا علان انہوں نے پیر کو مسلم کانفرنس کے سرپرست اعلی سابق صدر و وزیر اعظم سردار سکندر حیات خان،سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسابق صدر آزادکشمیر راجہ ذوالقرنین خان نے کہا کہ سردار سکندر حیات نے ایک بار پھر مسلم کانفرنس کی کمان سنبھالی،یہ مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت تھی،ہمارے بزرگوں نے اس جماعت کی آبیاری کی،قائداعظم نے کہا تھا کہ آزادکشمیر میں مسلم کانفرنس ہی مسلم لیگ ہے،اس جماعت کے دروازے سب پرانے کارکنوں کیلئے کھلے ہیں۔
سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ سردار سکندر حیات نے دست شفقت رکھ کر مسلم کانفرنس میں نئی جان ڈالی،راجہ ذوالقرنین مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کے قریبی ساتھی ہیں،راجہ ذوالقرنین کی شمولیت سے جماعت مزید مضبوط ہوگی،مسلم کانفرنس کی گاڑی موٹر وے پر چڑھ گئی ہے،مسلم کانفرنس آنے والے دنوں میں کلیدی کردار ادا کرنے جارہی ہے۔ہر آنے والے دن مسلم کانفرنس مزید مضبوط ہوگی ۔
