Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر : قابض فوج کے سرچ آپریشنز، 8 گرفتار، نوجوان کی لاش برآمد

بھارتی فورسز نے شوپیاں اور ڈوڈہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں، پلوامہ سے سمیر کی لاش ملی ، پولیس پوسٹ پر دستی بم حملہ، 2افسر زخمی،سکولوں میں بھارتی جھنڈے کے سائن بورڈ نصب کرنیکا حکم

 بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس نے سوپور ، شوپیاں اور ڈوڈہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کرکے آٹھ نوجوان گرفتار کر لیے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شوپیاں کے علاقوں داچھی پورہ، می مینڈر اور وہل سے گھروں پر چھاپوں کے دوران 7 نوجوانوں سمیع اللہ چوپان، ہلال احمد وانی ، رمیض احمد وانی، رؤف احمد وانی ، زاہد احمد وانی ، فیضان احمد خان اور شبیر احمد راتھر کو گرفتار کیا اور ان پر ایک مجاہد تنظیم کے ساتھ کام کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ ادھر جموں خطے میں ضلع ڈوڈہ کے علاقے بکریان سے پولیس نے فردوس احمد نامی نوجوان کو گرفتار کیا ۔ اس کے علاوہ ضلع پلوامہ میں سیبوں کے باغ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ جس کی شناخت پلوامہ کے علاقے آری گام کے رہائشی 30سالہ سمیر احمد راتھر کے طورپر ہوئی ہے ۔دریں اثنا بارہمولہ میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کے 2 سپیشل پولیس افسر زخمی ہو گئے ۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کے قصبے سوپور میں ایک پولیس پوسٹ پر دستی بم پھینکا ۔ علاوہ ازیں پیپلز لیگ اور یوتھ سوشل فورم کے وفود بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلع اسلام آباد میں انکے گھر گئے ۔جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قتل عام اور بیگناہ کشمیریوں، خاص طورپر نوجوانوں کو قید میں ڈالنے کے لیے کالے قوانین کے استعمال نے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو تاریخ انسانی کی ایک بدترین صورتحال سے دوچار کر دیا ہے ۔ دوسری جانب نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مسلم اکثریتی مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھارتی رنگ میں رنگنے کے لیے ایک اور ہتھکنڈا اختیار کرتے ہوئے تمام سرکاری سکولوں کے سربراہوں کو بھارتی جھنڈے والے سائن بورڈنصب کرنے کا حکم دیا ہے ۔اس کے علاوہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس بھارت بنگلہ دیش سرحد پر بنگلہ دیشی مہاجرین کو دہشت گرد اور جرائم پیشہ قرار دیکر قتل کر رہی ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے