ناانصافی، امتیازی سلوک اور انتقام گیری عروج پر
سرینگر//جموں وکشمیر کی آبادی اس وقت زیر عتاب ہے اور یہاں کے عوام کیساتھ ہر روز ناانصافیوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی ریاستی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس نے صوبہ کشمیر سے وابستہ پارٹی کی خواتین ڈی ڈی سی ممبران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقدہ تقریب میں معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے بحیثیت مہان خصوصی کے بطور شمولیت کی جبکہ اس موقعے پر صوبائی صدر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمیمہ فردوس نے کہا کہ ناانصافیوں کے اس دور میں ہماری نوجوان پود ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہیں جبکہ لوگ من جملہ مایوسی کے شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئے روز عوام کُش اور کشمیر دشمن فیصلے لئے جاتے ہیں اور باہری دنیا کو ایسا تاثر دینے کی کوشش کی جاتی ہے کہ ان فیصلوں سے یہا ں کے عوام خوش ہیں۔ شمیمہ فردوس نے کہاکہ مرکزی حکومت کا یہ جھوٹا پروپیگنڈا زیادہ دیر نہیں چلے گا اور ایک نہ ایک دن نئی دلی کو اپنی غلطیوں کو سدھارنا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام سے آئین چھینا گیا، پرچم چھینا گیا، روزگار چھینا گیا، زمینوں پر حقوق چھینے گئے اور سب سے بڑھ کر اظہارِ رائے کی آزادی سلب کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ گذشتہ دنوں جموں وکشمیر بینک کیلئے 1500اسامیوں میں سے صرف 200کشمیری منتخب کئے گئے۔ ایسے ہی پوسٹ آفس کیلئے 1200اسامیوں میں جموں وکشمیر کے ایک بھی باشندے کو نوکری نہیں ملی ہے۔ ناانصافیوں ، امتیازی سلوک اور انتقام گیری کی حد یہ ہے کہ یہاں 90فیصد سے زیادہ افسران باہری ریاستوں سے لاکر مسلط کئے گئے ہیں، جو یہاں انتظامی انتشار اور خلفشار کا سبب بن رہا ہے اور لوگوں کو انتظامیہ سے کسی بھی قسم کی راحت نہیں مل رہی ہے۔ ڈی ڈی سی ممبران سے مخاطب ہوتے ہوئے شمیمہ فردوس نے کہا کہ لوگوں نے آپ کو اپنا اعتماد بخشا ہے اور اس اعتماد پر کھرا اُترنا آپ کا فرض بنتا ہے۔ خدمت خلق، عوامی مسائل و مشکلات کا زالہ کرنا اور اپنے علاقے کے لوگوں کی راحت رسانی اور انہیں لازمی و ضروری خدمات بہم پہنچانے کیلئے ہر حال میں کام کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے ڈی ڈی سی ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اُمید ہیں آپ اپنے فرائض خوش اسلوبی کیساتھ انجام دیں اور ساتھ ہی پارٹی کی مضبوطی کیلئے بھی کام کریں گے کیونکہ پارٹی کی مضبوطی سے ہی ہماراوجود قائم ہے۔
جموں و کشمیر کی آبادی زیر عتاب:نیشنل کانفرنس
