غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی گاڑی پرفائرنگ سے لڑکی زخمی ہوگئی ، تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ بھارتی فوجی نے خودکشی کرلی
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اونتی پورہ میں بھارتی فورسز نے اچانک گاڑی پر فائر کھول دیا، جس سے جاسی اختر دخترپرویز شیخ ز خمی ہوگئی۔فورسز نے ضلع کے علاقے ناربل سے عادل احمد ڈاراور طاہر احمد بٹ اور کائوسہ کے غلام محمد گوجری کو گرفتار کر لیا۔ ادھر بھارتی فوجی ہنومان چودھر ی نے جموں کے ضلع رام بن میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی، جس سے فورسزاہلکاروں کی خودکشیوں کی تعداد 500 ہوگئی ہے ۔ علاوہ ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت پھیلانے کے لئے کشمیری خواتین اور شیر خواربچوں کو نشانہ بنارہاہے تاکہ کشمیریوں کو جدوجہد آزادی ترک کرنے پر مجبور کیا جاسکے ۔حریت رہنما گلزاراحمدنے کالے قانون کے تحت کولگام کی ایک خاتون کی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔مزید برآں سرینگر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔بھارتی حکام نے اطلاعات تک رسائی کے لوگوں کے حق پر ایک اور حملہ کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر اور پورے بھارت میں کشمیر میڈیا سروس کی ویب سائٹ بلاک کر دی ہے ۔ انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ماہرین نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اورنئے قوانین کے نفاذ کے بھارتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس سے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی سیاسی شمولیت میں کمی آ سکتی ہے ۔
