اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ ہمارے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، انشاءاللہ وہ اسرائیلی اور بھارتی مظالم سے آزادی ضرور حاصل کریں گے۔
فلسطین کے مسئلے پر ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی صورتحال پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ظالمانہ اسرائیلی اور بھارتی مسلح افواج کے ذریعے انسانی حقوق کی پامالی کی جاتی ہے۔ کشمیر اور فلسطین میں صیہونی و بھارتی ایک جیسے مظالم ڈھا رہے ہیں۔ مسلم دنیا اپنے مقصد سے اور اہداف سے ہٹ رہی ہے۔ ہماری طاقت جو ایک امت میں تھی اب نہیں رہی ہے ۔
ان کاکہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حل کے لئے مسلمانان عالم کو متحد ہونا ہوگا۔ اسرائیل اور بھارت سمیت عالمی استعماری قوتیں مسلم دنیا کے اختلافات کا براہ راست فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین برطانیہ کے جانبدارانہ اقدام کا نتیجہ ہے۔ برطانیہ نے یہودیوں کو 20 فیصد فلسطینی زمین دی تھی اب 80 فیصد زمین پر یہودی قابض ہوچکے ہیں، یہ ان کی سٹریٹیجی تھی انہوں نے ایسے اقدامات کیے جس سے خطے میں عدم توازن کی صورتحال قائم رہے۔ اسرائیل کو فلسطین کی زمین پر قائم کرنا بھی اسی مقصد کی خاطر تھا کہ خطہ میں عدم توازن ہو۔
رحمان ملککہنا تھا کہ دنیا کی توجہ مسئلہ فلسطین سے ہٹانے کے لئے مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم رکھا گیا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ کس طرح عراق، ترکی، لیبیا، شام یمن ان تمام مشرقی وسطیٰ کے ممالک کو ایک دوسرے سے برسرپیکار کردیا گیا اور سب سے خطرناک داعش کو کس نے بنایا اور کیوں بنایا؟ داعش میں ابتدائی طورپر شامل ہونے والوں میں فوجی تھے جن سے ملنے کیلئے ایک امریکی سینیٹر آیا اس حوالے سے عالمی میڈیا میں خوب چرچہ ہوا تھا یہ مسلمانوں کیلئے خلاف ایک بہترین انداز میں بنایاگیا خطرناک منصوبہ تھا جو ناکام ہوچکا ہے۔
انہوں نے کشمیر کی ناز ک صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 70 سال ایک ایسے گراؤنڈ میں کھیلا جو ہمارا نہیں تھا، بھارت نے ہمیں بدنام کرنے کیلئے ہر ممکن طریقہ کار اختیا رکیا اور مغرب نے اس میں اس کا بھرپور ساتھ دیا۔
رحمان ملک کے مطابق کشمیر اور فلسطین میں انسانیت سوز مظالم ہو رہے ہیں ۔ جغرافیائی حقائق کو مسخ کیا جا رہا ہے ۔ فلسطین پر صہیونی غاصبانہ تسلط قائم ہے۔
انہوں نے اس موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مقبوضہ فلسطین کے حوالے سے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ اگر امریکہ اور برطانیہ اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کا ساتھ نہیں دیں تو اسرائیل فلسطین پر قابض نہیں ہوسکتا، لیکن ہم نے دیکھا کہ کس نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا ۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ خوف اور ڈر سے قومیں ختم ہوجاتی ہیں ہمیں مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر بھرپور انداز میں عالمی سطح پر بات کرنا ہوگی۔
