غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ایک اورکشمیری نوجوان کی لاش ضلع کولگام سے ملی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق25 سالہ حذیب احمد کی لاش ضلع کے علاقے کیوا قاضی گنڈ سے ملی ہے۔دریں اثناء سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں قابض انتظامیہ کی طرف سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر 900 سے زائد افراد پر جرمانے عائد کئے گئے جبکہ 200کو گرفتارکرلیا گیا۔ادھر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں وکشمیر سول سوسائٹی فورم نے مزدوروں سمیت غیر کشمیریوں کی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے بغیر مسلسل مقبوضہ علاقے آمد کی اجازت دینے پر بھارتی قابض انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس سے بھارت میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کی قسم جو کہ انتہائی مہلک ہے سے مقامی لوگوں کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس سنگین صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف تو کورونا وبا کے نام پر مقبوضہ علاقے میں سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے تاہم دوسری طرف کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے بغیر بھار ت سے مزدوروں کی جموں وکشمیر آمد مسلسل جاری ہے۔عبدالقیوم وانی نے قابض انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کو مہلک کورونا وبا سے بچانے کیلئے ٹیسٹ کے بغیر غیر کشمیری مزدوروں کی جموں وکشمیر آمد کا سلسلہ بند کرے۔
مقبوضہ کشمیر، ایک اور کشمیر ی نوجوان کی لاش برآمد
