آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے ملائشیا کی نائب وزیراعظم وان عزیزہ اسماعیل سے ملاقات کی اور ان سے جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ ملائشیا کی نائب وزیراعظم نے صدر سردار مسعود خان کو یقین دلایا کہ ملائشیا اور اس کے عوام جموں و کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق سیاسی و سفارتی حل کے لئے پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کی کوششوں کی بھرپور تائید و حمایت جاری رکھے گا۔ نائب وزیراعظم عزیزہ وان اسماعیل نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ ثقافت، تعلیم، صحت سمیت دوسرے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات مذید مضبوط اور مستحکم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونو ں ممالک دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کو کم کرنے کے لئے اسلامی تعلیمات کے مراکز قائم کر سکتے ہیں اور آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبہ کو ترقی دینے کے علاوہ ملائشیا کے سیاحوں کو آزاد کشمیر کی سیاحت کے لئے جانے پر راغب کریں گے۔ قبل ازیں اپنی گفتگو میں صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ جس کے بارے میں انسانی حقوق کی تنظمیں اور عالمی میڈیا مسلسل رپوٹیں شائع کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد حق و انصاف پر مبنی ہے جس کی دو ٹوک اور واضح حمایت پر ہم ملائشیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مہاتیر محمد نے جو جرات مندانہ موقف اختیار کیا اس پر پورے پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کوششوں کے نتیجہ میں یورپین پارلیمنٹ کے سینکڑوں ممبران مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت کر رہے ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے ملائشین نائب وزیراعظم کو بتایا کہ بھارت نے گذشتہ سال مقبوضہ کشمیر پر حملہ کر کے ریاست کو گذشتہ چھ ماہ سے محاصرے میں لے رکھا ہے اور ہزاروں نوجوانوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کیا ہوا ہے جن پر بدترین تشدد کر کے انہیں تحریک آزادی کشمیر سے بدظن کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ملائشیا پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کی کوششوں کی بھرپور تائید و حمایت جاری رکھے گا۔ ملائشین نائب وزیراعظم عزیزہ وان اسماعیل کی آزاد جموں و کشمیر کے صدر سے گفتگو
