Input your search keywords and press Enter.

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے: چودھری سرور

اسلام پر امن مذہب ہے جس کے نزدیک کسی بیگناہ انسان کا قتل گویا پوری انسانیت کا قتل ہے دنیا اسلاموفوبیا اور دہشتگردی کیخلاف اٹھ کھڑی ہو دہشتگردی کو کسی مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے کیونکہ دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اگر کوئی مسلمان، ہندو، یہودی یا عیسائی دہشتگردی کرنے کا مرتکب ہو تو اس پر ایک جیسا بیانیہ ہی دیا جائے اسرائیل اور بھارت ریاستی دہشتگردی کے مرتکب ہو رہے ہیں اور وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کو سخت نوٹس لینا چاہئے۔ بیت المقدس کی آزادی کیلئے امت مسلمہ متحد ہو، عالم اسلام کی نا اتفاقی کی وجہ سے آج ہمیں یہ دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔ کشمیر ایشو کا سادہ سا حل ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دیا جائے ہمیں کسی صورت امریکہ کو اڈے نہیں دینے چاہئیں اور نہ ہی ایسی کوئی بات ہو رہی ہے۔ ان خیالات کااظہار گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں منعقدہ خصوصی نشست بعنوان ”فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور عالمی رائے عامہ“ کے دوران بطور مہمان خاص اپنے خطاب میں کیا نشست کا اہتمام نظریہئ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا نشست کی صدارت وائس چیئرمین نظریہ ئ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے کی جبکہ اس موقع پر سینئر صحافی ودانشور سلمان غنی، چیئرمین مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ خالد محمود، ممتاز سیاسی وسماجی رہنما بیگم مہناز رفیع، بیگم صفیہ اسحاق، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، میجر(ر) مجیب الرحمان، اساتذہ کرام، طلباء وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات بڑی تعداد میں موجود تھے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ علامہ محمد اصغر عارف چشتی نے تلاوت کی سعادت حاصل کی جبکہ محمد بلال ساحل نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیہ ئ عقیدت اور حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے کلام اقبالؒ پیش کیا۔ نشست کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریہئ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت دنیا میں تین بڑے اہم ایشوز کشمیر، فلسطین اور افغانستان ہیں۔ کشمیر عالمی ایجنڈے میں شامل ہے۔ بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر دنیا اب نوٹس لے رہی ہے تاہم مسئلہ کشمیر مزید موثر انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اوورسیز پاکستانیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کشمیر اور فلسطین میں ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔انہوں نے کہا دنیا اسلاموفوبیا، دہشتگردی کیخلاف اٹھ کھڑی ہو۔ آج وقت آن پہنچا ہے کہ دہشتگردی کی تعریف واضح کی جائے کہ یہ کیا ہے۔ اگر دنیا کے کسی خطہ میں کوئی مسلمان کسی دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث ہوتا ہے تو اسے دین اسلام کے ساتھ جوڑ کر اسلام کو بدنام کیا جاتا ہے لیکن اس کے برعکس اگر کوئی ہندو، عیسائی یا یہودی دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث ہو تو اسے اس کا انفرادی فعل قرار دیا جاتا ہے یہ دہرے معیار ختم ہونے چاہئیں۔اسلام ایک پر امن مذہب ہے جس کے نزدیک کسی بیگناہ انسان کا قتل گویا پوری انسانیت کا قتل ہے اسرائیل اور بھارت ریاستی دہشتگردی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں فلسطینی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں عالم اسلام کی نا اتفاقی کی وجہ سے آج ہمیں یہ دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔ اگر عالم اسلام ایک پلیٹ فارم پر متحدہو تو اسرائیل کی جارحیت کی جرأت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ تیسرے ایشو یعنی افغانستان پر بھی امریکہ اور مغرب میں کافی بحث ہوتی رہتی ہے۔ ایک بات یاد رکھیں اور تاریخ بھی اس کی گواہ ہے کہ افغان قوم کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ برطانیہ، روس کے بعد اور اب امریکہ کو بھی وہاں شکست کھا کر واپس جانا پڑ رہا ہے۔ تو ہمارا موقف یہ ہے کہ یہ مسئلہ لڑائی سے نہیں مذاکرات سے حل ہو گا نشست کے صدر وائس چیئرمین نظریہئ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر اور فلسطین دو ایسے مسائل ہیں جو متعدد ممالک کے مابین تباہ کن جنگوں کا باعث بن سکتے ہیں فلسطینی مسلمانوں کو بھی صہیونی ریاست کی دہشت گردی اور قتل و غارت گری کا سامنا ہے فلسطین کے حالیہ بحران پر جس طرح حکومت پاکستان نے دیگر برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی محاذ پر سرگرم کردار ادا کیا‘ وہ ہر لحاظ سے قابلِ تعریف ہے۔ہمارے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان دونوں علاقوں میں بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ ان شاء اللہ۔سینئر صحافی ودانشور سلمان غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے سیکرٹری نظریہئ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے کہا کہ کشمیراور فلسطین عالم اسلام کے دو ایسے سلگتے ہوئے مسائل ہیں جس کی وجہ سے عالم اسلام میں اضطراب پایا جاتا ہے۔ عالمی طاقتیں ان مسائل کے حل میں اپنا موثر کردار ادا کریں نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے پلیٹ فارم سے ہم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز بنتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے