Input your search keywords and press Enter.

وزیراعظم عمران خان نے حقیقی طور پر کشمیر کے سچے وکیل اور سفیر ہونے کا حق ادا کیا ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حقیقی طور پر کشمیر کے سچے وکیل اور سفیر ہونے کا حق ادا کیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے دلیری کے ساتھ پوری دنیا کے سامنے کشمیر کا موقف پیش کیا ہے، الیکشن کو الیکشن سمجھ کر ہی لڑنا چاہیے، ہمیں آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مقبوضہ کشمیر پر مودی کے جارحانہ مظالم پر یک زبان ہو کر بات کرنی چاہیے، آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران مریم نواز کے بیانات سے کشمیریوں کی جدوجہد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایشوز کو سامنے رکھنا چاہیے، ہمیں خیال کرنا چاہیے کہ ہم کس ایشو پر اور کس موقع پر کیا بات کر رہے ہیں، آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی مہم چل رہی ہے،

آزاد کشمیر میں انتخابات ہونے ہیں اور جو بھی حکومت آئے گی وہ آزاد جموں و کشمیر انتظامی ڈھانچہ سنبھالے گی، ہمیں اپنے بیانات میں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ کشمیر کاز کو نقصان نہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو اپنی بات اس انداز میں نہیں کرنی چاہیے تھی، مریم نواز آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران پاکستان کے منتخب وزیراعظم عمران خان کے خلاف بدزبانی کر رہی ہیں، مریم نواز کے بیانات سے کشمیریوں کی جدوجہد کو نقصان پہنچ رہا ہے،

وزیراعظم عمران خان خان نے ازبکستان میں ایک بھارتی صحافی کے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ آر ایس ایس کا نظریہ امن کے آڑے آ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کو اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر نمایاں انداز میں اجاگر کیا۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر مراد سعید کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر آپ ہمارے حلقے میں آئو گے تو ہم پتھرائو کریں گے، اس کے بعد پتھرائو بھی کیا گیا اور فائرنگ بھی ہوئی، اس قسم کی بدتہذیبی کی بھی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے آزاد کشمیر میں ایک جلسے کے دوران اپنے خطاب میں 25 مرتبہ وزیراعظم عمران خان کا نام لیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی اور بھارتی قابض افواج کی جانب سے نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر کوئی بات نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے الزامات کی سیاست کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر اپوزیشن کو دعوت دی اور ہم اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ساتھ لیکر بھی چل رہے ہیں، ہم نے سیاسی ٹمپریچر کو کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران اپنے منشور اور پالیسیوں سے کشمیری عوام کو آگاہ کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر میں اس وقت حکومت ہے، (ن) لیگ کے رہنمائوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بالکل نہیں دیا جانا چاہیے کہ انتخابی مہم کے دوران بدزبانی کا کلچر پی ٹی آئی لے کر آئی ہے، اس سے پہلے بھی مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے بیانات دیکھے جائیں تو یہ دونوں جماعتیں ایک طویل عرصہ سے ایک دوسرے کے خلاف اسی طرح کی زبان استعمال کرتے آئے ہیں، ہر کسی کو اس طرح کے رویہ کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے