اسلا م آباد:وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا دور ختم،آزادی کا سورج جلد طلو ع ہو گا،ہمارے قبرستان کشمیر کیلئے قربانیاں دینے والے شہیدوں کے خون سے مہک رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر پر اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اطلاعات فواد چوہدر ی نے کہا کہ کشمیریوں نے کئی عشرے قبل 27 اکتوبر کو بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد میں ماؤں نے اپنے لال، بہنوں نے اپنے بھائی، سہاگنوں نے اپنے سہاگ اور بچوں نے اپنے والدین کھوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں لا پتہ افراد بھارتی جیلوں میں دم توڑ گئے، جبر، استبداد اور استحصال کی مثالیں بھارت کشمیر میں روزانہ قائم کرتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا ہمیشہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں کارروائیوں کی مذمت کرتی رہی ہے۔
پاکستان کی قوم 27 اکتوبر کو کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یک جہتی کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کشمیر کے لیے 3 جنگیں لڑی ہیں، ہمارے قبرستان کشمیر کے لیے قربانیاں دینے والے شہیدوں کے خون سے مہک رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ ہے۔وزیراعظم
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم نے اپنی معیشت، سیاست اور خارجہ پالیسی کشمیری عوام کی امنگوں کی نذر کی ہے، ان شاء اللہ جبر کا یہ دور ختم ہو گا،آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ وہ دن بھی دیکھیں گے جب ان کی اپنی حکومت ہو گی۔
