Input your search keywords and press Enter.

تحریک کشمیر کا بھارتی وزیراعظم کی گلاسگو آمد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

 تحریک کشمیر اسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام گلاسگو کے جارج اسکوائر میں بھارتی وزیراعظم کی گلاسگو آمد اور سی او پی 26 کانفرنس میں شمولیت کیخلاف ایک پُرجوش مظاہرہ کیا گیا جس میں برمنگھم، مانچسٹر، برٹن آن ٹرینٹ انورنس، ایڈنبرا اور ڈندٹی سے بھی وفود شریک ہوئے۔ تحریک کشمیر اسکاٹ لینڈ کے صدر بیلی کونسلر حنیف راجہ نے عالی رہنمائوں سے کہا کہ دنیا میں ماحولیات کا مسئلہ یقیناً اہم ہے لیکن اس سے بھی زیادہ اہمیت کا حامل مسئلہ انسانیت کو بچانا ہے، مقبوضہ کشمیر میں نولاکھ بھارتی افراج نے انسانی اقدار کا جنازہ نکال دیا ہے اور پوری وادی کو سنگینوں کی نوک پر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کردیا ہے جب کہ عالمی طاقتیں صرف زبانی جمع خرچ کا کام کررہی ہیں۔ سیکرٹری جنرل سید طفیل حسین شاہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو شہید کردیا ہے، لاکھوں مائوں کی عصمتیں لوٹی جاچکی ہیں، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کردیا گیا ہے، گھروں میں لوٹ مار جاری ہے اور نریندر مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ان مظالم میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ مودی جیسے قاتل کا بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کرنا ایک افسوسناک امر ہے۔ تحریک کشمیر یو کے کے صدر فہیم کیانی نے کہا کہ کشمیری عوام صرف اپنے حق خوداختیاری کو مانگ رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق اس مسئلے کو حل کیا جائے، بھارت نے کشمیریوں کو ان کا حق خود اختیاری دینے کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر رکھی ہے، کشمیری بچوں اور نوجوانوں پر مظالم اور عورتوں کے ریپ کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، لوگوں کو معاشی بدحالی سے دوچار کرنے کیلئے اقتصادی اور معاشی دہشت گردی کا ارتکاب کیا جارہا ہے۔ دیگر مقررین خالد جاوید ، راجہ اقبال، شاہد میر، مولانا عبدالرحمن عابد، خورشید خان، رانا انس، شوکت سلطان، رانا نوید منج، صاحبزادہ حسن ربانی، برمنگھم سے مس نائیلہ، مانچسٹر سے مس شکیلہ اور دیگر افراد نے اپنی اپنی تقاریر میں مطالبہ کیا کہ جب تک بھارت کشمیر میں رائے شماری نہیں کراتا اور مظلوم کشمیری عوام پر ظلم وستم بند نہیں کرتا اس کا بین الاقوامی سطح پر اقتصادی بائیکاٹ کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے