صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، منیر اکرم نے ملاقات کی جس میں کشمیر سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔صدر مملکت نے کہاکہ بھارت نے کشمیر کے معصوم عوام پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کو ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنا رہا ہے،بھارت کا چہرہ تمام بین الاقوامی فورمز پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ بھارت کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، تشدد اور معصوم مسلمانوں کی نظر بندی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے وہ بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے روکے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے،پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، صدر مملکت
