Input your search keywords and press Enter.

مستحکم پاکستان ہی کشمیر کا مقدمہ لڑ سکتا ہے،چوہدری قاسم مجید

مضبوط اور مستحکم پاکستان آزادی کشمیر کا ضامن ہے۔ پاکستان کا دفاع پاک فوج کے ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ پاکستان کا دفاع ہمیشہ ناقابل تسخیر رہا ہے، پتہ نہیں کیا وجہ ہے وزیراعظم پاکستان نے کارکردگی کے لحاظ سے ٹاپ ٹین وزارتوں میں، دفاع، خارجہ اور معیشت پر عدم اعتماد کا اظہار کرکے کس کو پیغام دیا، ہم نے دو بار پاکستان کو روشن رکھنے کے لیے پہلے منگلا ڈیم بنوایا اور نقل مکانی کی تاکہ پاکستان سرسبز اور شاداب رہ سکے۔ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی بہتر طور پر عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑ سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر چوہدری قاسم مجید نے کاروباری شخصیت چوہدری خوشنود ان کے ساتھیوں اور پی پی کے ورکرز کی جانب سے منعقدہ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقامی ہال میں میاں مقبول کی صدارت میں ہونے والے جلسہ میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق مشیر چوہدری منظور حسین، سابق مشیر راجہ فضل الرحمن، کونسلر شفیق شاہ، سابق مشیر حکومت چوہدری ندیم شہید کے بیٹے چوہدری قاسم ندیم روپیال، حاجی نجیب، کونسلر چوہدری شوکت، طارق بدھال، تجمل حسین ڈپٹی لارڈ میئر، سابق مشیر راجہ نیاز، صدر برمنگھم پی پی راجہ قیوم، ارشاد عزیر سمیت دیگر نے خطابات کیے ۔ جلسہ گاہ میں حلقہ نمبر2چکسواری کے کمیونٹی افراد بھی شریک تھے،جلسہ میںبرطانیہ کے مختلف شہروں سے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور پی پی کے چاہنے والوں نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض چوہدری اللہ دتہ نے انجام دیے۔ چوہدری قاسم مجید کا مزید کہنا تھاکہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی سابق وزیراعظم کا بیٹا سیاسی میدان میں اترا اور کامیاب ہوا، گزشتہ 40 برس سے یہ حلقہ چوہدری عبدالمجید کے چاہنے والوں کا ہے، صرف1991ء میں سازشوں سے چوہدری مجید کو شکست ہوئی، اس کے بعد اور پہلے مسلسل1985ء سے چوہدری عبدالمجید ناقابل شکست رہے۔ چوہدری قاسم مجید کا کہنا تھا کہ رٹھوعہ ہریام برج ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے، اب چونکہ جاری کا کام نیا تخمینہ ہوگا، نیا ٹینڈر ہوگا اور یہ کام مکمل کروائیں گے، اس سے نہ صرف اسلام گھڑ اور چکسواری کے روابط بڑھیں گے بلکہ پورا میرپور ڈویژن قریب آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں ہم نے حلقے میں20کلو میٹر سڑکیں بنائی ہیں، آپ سے وعدہ رہا اسمبلی کے اندر اور اسمبلی کے باہر آپ کی بھرپور نمائندگی کروں گا جہاں پر ٹھیک کام کروں اسے سراہیں اور جہاں غلطی کروں وہاں میری اصلاح کریں،آپ کو شرمندہ نہیں ہونے دوں گا، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہم اسمبلی کے اندر اور اسمبلی کے باہر ایک صفحہ پر ہیں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہمارے نظریاتی اختلافات ضرور ہیں مگر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہم ایک ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ غیور کشمیریوں نے بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی پی کو ایوان میں دوسری بڑی جماعت بناکر بھیجا ہے،مخالفین کئی گروپوں میں تقسیم ہیں جب کبھی آزاد کشمیر میں مرکزی قائدین کی جانب سے تبدیلی کا اشارہ آیا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔ آخر میں پی پی کے سابق مشیر نوجوان شہید چوہدری ندیم روپیال سمیت دیگر مرحومین، چوہدری شاہ نواز کی بھتیجی کیلئے دعائے مغفرت اور شہدا اور آزادی کشمیر کیلئے دعا کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے