سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 16 مارچ2022ء) مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیر کی جملہ سیاسی قیادت متحد ہے ۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن کشمیر کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت انسانیت سسک رہی ہے ۔ 5 اگست 2019ء کے بعد جاری لاک ڈائون سے انسانی المیہ ، جعلی محاصروں اور سرچ آپریشن کے نام پر نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے اور دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔
ہندوستانی فوج کے مظالم بڑھتے جا رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے اظہار اور ہندوستانی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے آج سینٹرل پریس کلب سے برہان مظفر وانی چوک تک آل پارٹیز کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے آل پارٹیز کشمیر ریلی میں شرکت کے سلسلہ میں مظفرآباد پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایسے اقدامات شروع کر رکھے ہیں جن سے مسئلہ کشمیر اور کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے 42 لاکھ غیر ریاستی ہندوئوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں اس سلسلے میں 4 ہزار سے زائد ہندوئوں کو کاروبار کے لیے زمینیں مہیا کی جا رہی ہیں ۔ جو بین الاقوامی برادری اور خصوصاً تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی سیاسی قیادت کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری آزاد کشمیر کے عوام اور باالخصوص مظفرآباد ڈویژن کے مسلم کانفرنسی کارکنان اور عوام سے پرزور اپیل ہے کہ آل پارٹیز کشمیر ریلی میں بھرپور شرکت کر کے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں تاکہ عالمی برادری اور انٹرنیشنل میڈیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کروائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر جملہ سیاسی قیادت اتحاد و اتفاق سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ہندوستانی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔
آل پارٹیز کشمیر ریلی میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ سیاسی و سماجی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے بین الاقوامی برادری باالخصوص ہندوستان کو یہ پیغام دیں کہ آزادی کے بیس کیمپ کا بچہ بچہ اس جدوجہد میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ ہے ۔
