Input your search keywords and press Enter.

کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں گے، ڈیبی ابراہم

جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کی برطانوی ممبر پارلیمنٹ ڈیبی ابراہم چیئرپرسن آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر (برطانوی پارلیمنٹ) کے ساتھ ڈیبی ابراہم کے اولڈھم آفس میں خصوصی ملاقات ہوئی۔ تحریک آزادی کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ، برطانوی سیاسی جماعتوں اور عالمی سطح پرمتحرک و منظم کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ راجہ نجابت حسین نے ڈیبی ابراہم کو اولڈہم، لندن اور اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنسوں میں شرکت اور معاونت کی دعوت دی۔ ڈیبی ابراہم نے کہا کہ آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بند کروانے کے لئے اپنی سرگرمیوں کو تیز کرے گا۔ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے اور عالمی برادری کی جانب سے بھرپور حمایت حاصل کرنے کیلئے دنیا بھر کے حکمرانوں، سیاستدانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطوں کے سلسلہ میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداروں اور ذمہ داروں کے ساتھ ہر سطح پر عملی طور پر تعاون کیا جائے گا۔کشمیریوں کی تحریک آزادی کی آواز کو ہر فورم پر بلند کیا جائے گا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کو برطانوی پارلیمنٹ میں بھرپور انداز میں اُٹھایا جائے گا۔ برطانوی پارلیمنٹ میں موجود زیادہ سے زیادہ ممبران پارلیمنٹ کو متحرک کر کے کشمیریوں کی آواز کو منظم انداز میں بلند کیا جائے گا۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی جانب سے برطانیہ کے مختلف شہروں میں ہونے والی تقریبات میں کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے زیادہ سے زیادہ عہدیداران کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ راجہ نجابت حسین نے مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں، خواتین، سیاسی قیدیوں اور صحافیوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم کے بارے میں اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جاری آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور دیگر جغرافیائی تبدیلیوں کے بارے میں چیئرپرسن ڈیبی ابراھم کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیرپارلیمنٹری گروپ کے زریعے برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کو، برطانوی وزیر خارجہ کو اور برطانوی حکومت کو آگاہ کریں۔راجہ نجابت حسین نے ڈیبی ابراھم کو برطانیہ میں اپنی سرگرمیوں اور لیبر پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران اور وزراء کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس توقع کا اظہار کیاکہ تحریک کے عہدیداران ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کی اس تحریک کو سیاسی، سفارتی اور سماجی محاذ پر جاری رکھیں گے اور مستقبل میں اپنی سرگرمیوں میں مذید تیزی لائیں گے اور برطانیہ کے تمام بڑے شہروں اور برطانوی پارلیمنٹ میں کانفرنسوں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کریں گے اور برطانیہ کی تمام ہم خیال سیاسی جماعتوں اور عہدیداروں کو اپنی سرگرمیوں میں مدعو بھی کریں گے۔ پاکستان میں موجود تحریک کے عہدیداران پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبوں کے دارالحکومتوں، گلگت بلتستان اور آزادجموں وکشمیر کے دارالحکومتوں میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کریں گے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ان کی تحریک نے پاکستان اور آزادجموں وکشمیر میں تحریک کی تنظیم نو کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ٹاسک دے رکھا ہے جس پر تیز ی کے ساتھ کام جاری ہے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ، تجربہ کار،باشعور اور متحرک لوگوں کو تحریک کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں دنیا کے ہر ایوان ہر پارلیمان اور ہر موثر فورم تک پہنچایا جائے اور عالمی برادری، عالمی اداروں اور عالمی اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کی حمایت حاصل کر کے بھارت پر دباؤ ڈالا جا سکے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلایا جا سکے۔اس سلسلہ میں راجہ نجابت حسین نے ڈیبی ابراھم سے تفصیلی مشاورت کی اور آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر کے تمام عہدیداران کا شکریہ ادا کیااور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کی اس تحریک میں آپس میں مل جل کر کام کریں گے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت کے سات دہائیوں سے زیادہ کے ناجائز قبضے اورسنگین مظالم سے نجات دلائی جا سکے۔ ملاقات کے دوران مختلف تقریبات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ اس ملاقات کے دوران اُمید ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین راجہ مہربان حسین بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے