سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و سابق صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک اس وقت تک جاری رہیگی جب تک سرینگر سے آنے والی بس راولپنڈی تک نہیں پہنچ جاتی ریاست کے جغرافیائی و تجارتی راستے پاکستان کی طرف آتے ہیں، جموں کشمیر کے غیر مسلموں کو بھی اس میں فائدہ ہے ہندوستان ان کی شناخت ختم کرنا چاہتا ہے اگر 5 فیصد برہمنوں کو کشمیر کے وسائل ہڑپنے کی اجازت اور شہریت دیدی گئی تو جموں کشمیر میں کیا ہندو،مسلم، سکھ سب ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اور ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا، وقت اور محفوظ مستقبل کا تقاضا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں تمام مذاہب کے ماننے والے مودی کی حد بندی کی چال کو سمجھیں اور مقبوضہ جموں کشمیر میں مذہبی تصادم کا راستہ روکنے اور آنیوالی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے ریاستی شناخت اور حق خودارادیت کی تحریک کا ساتھ دیں اہلیان پاکستان بالخصوص راولپنڈی کے ساتھ کشمیریوں کی محبت بے مثال ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرودہائی مرکزی انجمن تاجران کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوے کیا۔ اس موقع پر سابق امیدوار قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ضیا ء ا للہ شاہ، راجہ حق نواز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب آمد پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا شاندار استقبال کیا گیا آتشبازی کی گئی اور نعرے بازی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ بیرسٹر دانیال چوہدری نے خطاب کے لیے خود راجہ محمد فاروق حیدر کو اسٹیج پر بلایا۔ سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے خطاب کرت ہوئے کہا کہ پیرودہائی کشمیر کا بھی مرکز ہے سرینگر اور راولپنڈی کا صدیوں پرانا تجارتی ثقافتی تعلق ہے، سرینگر کی تجارتی منڈی راولپنڈی ہوا کرتی تھی اور حالیہ تحریک میں بھی یہ نعرہ وہاں کا مقبول نعرہ رہا ہے کہ کشمیر کی منڈی راولپنڈی،یہاں کے تاجروں اور عوام نے کشمیریوں کو ہمیشہ فوقیت دی یہاں بڑی تعداد میں مہاجرین اور آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان راولپنڈی نے ہمیشہ ہمارے لیے دیدہ دل فرش راہ کیا یہ رشتہ اٹوٹ ہے یہ پیار اور محبت حقیقی ہے آج جس عزت اور پیار سے اہلیان راولپنڈی نے مجھے نوازا یہ میرا اثاثہ ہے کشمیریوں اور پاکستان کے درمیان رشتہ کسی مفاد کے بغیر ہے یہ تاریخی اور تزویراتی ہے اس کی گہرائی نسلوں تک ہے حکومتوں سے شکایتیں رہی ہونگی لیکن آج بھی پاکستان اور یہاں کی عوام اور کشمیریوں کو کوئی چیز الگ نہیں کرسکتی۔ سابق امیدوار قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادکشمیر میں راجہ محمد فاروق حیدر خان نے قائد مسلم لیگ ن کے پرچم کو مشکل ترین وقت میں سربلند رکھا اور وفا کی سیاسی کارکنوں کے لیے مثال قائم کی ہے، پاکستان میں جاری مالی بحران اور مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان ہے جس نے راولپنڈی کو پسماندہ رکھا ۂاں کے منصوبے روکے رکھے اور اب سیاست کررہا ہے یہاں کے ووٹ نوازشریف کے ہیں دھاندلی کے باوجود ایک لاکھ ووٹ حاصل کیے تھے آئندہ انتخابات میں ان کا مکمل صفایا کرینگے۔
