شہدائے کشمیر کے مشن کی تکمیل تک پوری دنیا میں جدوجہد آزادی جموں و کشمیر جاری رہے گی۔ حریت رہنما میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید اور عبدالغنی لون شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دنیا بھر میں کشمیری ان کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہےہیں۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین اور حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیر کے سابق کنوینر سید یوسف نسیم شاہ نے عظیم کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اگلے ہفتے ’’ہفتہ شہدائے جموں وکشمیر‘‘منانے کا اعلان کر دیا۔ راجہ نجابت حسین نے کہاکہ شہدائے جموں وکشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہماری تحریک کے عہدیداران برطانیہ کے بڑےشہروں، یورپی ممالک کے دارالحکومتوں اور دیگر ممالک کے مختلف علاقوں میں تقریبات منعقد کر رہے ہیں اوریہ سلسلہ اگلے پورا ہفتہ جاری رہے گا۔ ان تقریبات میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ، لارڈ میئرز، میئرز، کونسلرز اور مقامی کمیونٹی رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک یاسین ملک کی رہائی کے لئے تمام عالمی فورمز پر آواز بلند کرے گی اور اس سلسلہ میں ممبران برطانوی پارلیمنٹ اور آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر کی چیئرپرسن ڈیبی ابراھم اور دیگر عہدیداران کے ساتھ مل کر مضبوط اور متحرک لابی کی جائے گی اور برطانوی پارلیمنٹ کا بین الاقوامی دباؤ بھارت پر بڑھایا جائےگا اور یاسین ملک کی رہائی کے لئے ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں راجہ نجابت حسین اور سید یوسف نسیم شاہ برطانوی ہاؤس آف کامنز کا دورہ کریں گے اور مختلف ہم خیال برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور مقبوضہ جموں کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی دلوانے کےلئے بین الا قوامی لابی کو متحرک کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اثر و رسوخ رکھنے والے اداروں میں آوازیں بلند کی جائیں گی تا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حل کروایا جا سکے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک اور ہماری تحریک کے ساتھ کام کرنے والی مختلف تحریکیں، تنظیمیں اور افراد بھارت میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ہم سب بھارت کے5اگست 2019کے اقدام کو یکسر مستردکرتے ہیں بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حد بندی کمیشن کے قیام کو مکمل طور پر غیرقانونی سمجھتے ہیں اور شدید الفاذ میں مذمت کرتے ہیں۔ بھارت انتخابی حد بندیاں کر کے مقبوضہ جموں کشمیر میں ہندؤوں کی اکثریت قائم کرنا چاہتا ہے اور پورے کا پورا مقبوضہ جموں کشمیر ہڑپ کرنا چاہتا ہےجو کہ ہماری تحریک کے ہوتے ہوئے ممکن نہیں ہوگا۔ہم بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے زریعے غیر قانونی طور پر نافذ کئے جانے والے تمام کالے قوانین کے خاتمے کے لئے آوازبلند کرتے رہیں گے اور جب تک بھارت مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو ان کا حق خود ارادیت نہیں دیتا اس وقت تک ہماری تحریک جاری رہے گی اور ہم ہر عالمی فورم پر اور ہر امن پسند ملک کے پارلیمان میں کشمیریوں کے حق خود اردایت کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ راجہ نجابت حسین نے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹ میں حکومتی رکن بیرونس سعیدہ وارثی نے کشمیریوں کے لئے جاندار آواز بلند کر کے پوری کشمیری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ بیرونس سعیدہ وارثی نے برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے لئے آواز بلند کرتے ہوئے بھارت کےمکروہ چہرے کو بے نقاب کیا اور بھارت کے تمام کالے قوانین کو مسترد کیا اور برطانوی حکومت سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرے۔ راجہ نجابت حسین اور ناز شاہ ایم پی نے بیرونس سعیدہ وارثی کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہےکہ بیرونس سعیدہ وارثی کی جاندار آواز نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں زندہ کر دیا ہے اور بھارت کےمکروہ چہرے کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے لارڈ قربان حسین کو بھی زبردست اندازمیں خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں کشمیریوں کی حمایت میں مضبوط آوازبلند کی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ جس طرح ہماری تحریک گزشتہ چار دہائیوں سے بھی زیادہ عرصہ سے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اُجاگر کر رہی ہے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور فوری حل کے لئے دنیاکے ایوانوں اور تمام با اثر اداروں میں متحرک اور منظم لابی کر رہی ہے یہ سب کچھ اسی مضبوط لابی کےنتیجے میں ممکن ہو رہا ہے اور مختلف برطانوی ممبران پارلیمنٹ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کی جانب توجہ مبذول کروا رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اسی طرح کی تیز ترین اور موثر لابی کے نتیجے میں بہت جلد اچھے نتائج سامنے آئیں گے اور بھارت بہت جلد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیریوں کی مرضی اور منشاء کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر آمادہ ہو جائے گا اور وہ دن دور نہیں ہے جب کشمیری قوم کو آزادی نصیب ہو گی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو رکوانے کے لئے آوازیں بلند کر رہے ہیں اور بھارت کو مکروہ چہرہ پوری دنیا کو دکھا رہے ہیں اور عالمی برادری کے دروازوں پر جاندار انداز میں دستک دے رہے ہیں اور عالمی برادری کو روزانہ کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں بیدار کر رہے ہیں اورمسئلہ کشمیر کی سنگینی سے بھی آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری جدو جہد اس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو بھارتی ناجائز تسلط سے آزادی نصیب نہیں ہو جاتی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک نے اس سال 2022میں بے شمار انتہائی اہم نوعیت کی تقریبات اور سرگرمیاں منعقد کرنے کا مشن شروع کر رکھا ہے اور ہماری آمدہ سرگرمیاں بھارت پر دباؤ ڈالنے کے لئے کافی ہوں گی اور اس مرتبہ بھارت عالمی دباؤ برداشت کرنے کے قابل نہیں رہے گا اورمقبوضہ جموں وکشمیر کا معاملہ پر امن طریقہ سے حل ہو جائے گا۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ہمیشہ سے ہی کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی اور دیگر امداد جاری رکھی ہوئی ہے اور ہم پاکستانی حکومت کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اور خاص طور پر اقوام متحدہ میں اُجاگر کیا جس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے مختلف ذیلی اداروں کے جانب سے بھارت کےخلاف سنگین نوعیت کی رپورٹس جاری ہوتی رہی ہیں اور بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہوتارہا ہے اور ہوتا رہے گا۔
شہدائے کشمیر کے مشن کی تکمیل تک دنیا بھر میں جدوجہد آزادی کشمیر جاری رہے گی، راجہ نجابت حسین، یوسف نسیم شاہ
