Input your search keywords and press Enter.

مسئلہ کشمیر اتنا پرانا مسئلہ ہے جتنا اقوام متحدہ خود پرانی ہے،ذکراللہ مجاہد

امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے مقبوضہ کشمیر کے معروف آزادی پسند لیڈر اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین کو بھارت کی نام نہاد انتہا پسند عدالت کی جانب سے 2مرتبہ عمر قید کی سزا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ بھارت کشمیر میں طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ قیدو بند اور شہادتوں نے تحریک آزادی کشمیر کو مزید طاقت اور تقویت بخشی ہے۔یاسین ملک کی سزا نے کشمیریوں میں ایک آزادی کی نئی روح بھونک دی ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے پی پی 172 رائے ونڈ کے دورے کے موقع پر اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع ارکان میں ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان سید وقاص انجم جعفری، امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابدنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر امیدوار پی پی 172 ڈاکٹر شفقت محمود، امیدوار پی پی 171 غلام حسین بلوچ، انجینئر علی ارتضی حسنی، عابد عزیز، مظہر الطاف، محمد عظیم، رانا خلیل، یونس انصاری،حاجی حسین احمد اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اتنا پرانا مسئلہ ہے جتنا کہ اقوام متحدہ خود پرانی ہے۔اقوام متحدہ کے قیام ہی سے مسئلہ کشمیر چلا آ رہا ہے اس مسئلے کو آج تک اقوام متحدہ حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم پوچھتی ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ کیوں معرض وجود میں آیا؟ کیا یہ ادارہ جنگ روکنے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے قائم نہیں کیا گیا تھا؟ لیکن بدقسمتی سے یہ ادارہ جس مقصد کے لیے قائم کیا گیا تھا اس کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے اور کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی اور قتل عام کیا جارہا ہے۔ امیر لاہور نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر کے آزاد نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے اپنی ذمے داری پوری نہیں کی۔ کشمیری میدان کارزار میں سالہا سال سے کھڑے ہیں، ان کی ہمتیں جوان اور حوصلے پہاڑوں سے بھی بلند تر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر تین ایٹمی طاقتوں کے درمیان گھرا ہوا علاقہ ہے، عالمی برادری کو اس کا ادراک ہونا چاہیے۔ یاسین ملک نے آزادی کی جو شمع جلائی ہے وہ کبھی ماند نہیں پڑے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے