مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام یقین رکھیں اگر کسی بھی پاکستانی حکمران نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا تو اس کا مقدر بحیرہ عرب ہوگا، کشمیری قیادت و عوام کو اعتماد میں لیکر آگے بڑھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیر کا مضبوط وکیل ثابت ہو سکتا ہے جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد میں کشمیریوں نے بے مثال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی کوئی چار دیواری اور عزت محفوظ نہیں ہے۔ سبز ہلالی پرچم میں کشمیری اپنے شہدا کی تدفین کرتے ہیں، شرکاء نے قومی کشمیر پالیسی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں وزارت امور کشمیر کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر آل پارٹیز مشاورتی کانفرنس ہوئی۔ وزیر امور کشمیر سمیت آزاد کشمیر کی کی تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی، شرکاء نے مشاورتی عمل کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ کانفرنس میں مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ کا مسلہ کشمیر پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جبر اور مظالم پر تمام سیاسی اکابرین سے رہنمائی لینی ہے۔ مشاورتی عمل کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کسی ایک جماعت کا نہیں ملک کا معاملہ ہے۔ جمہوری اور غیر جمہوری دونوں ادوار میں مسئلہ کشمیر کے حل کی کوششیں کیں۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے جان اور خون کی قربانیاں دیکر تحریک کو زندہ رکھا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی حثیت بدل رہا ہے۔ موجودہ بھارتی حکومت نے اقلیتوں اور کشمیریوں پر مظالم بڑھا دئیے ہیں۔ کشمیر اور فلسطین میں عوام کو ڈرانے کیلئے گھٹیا حربے استعمال ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے سزا عالمی انسانی حقوق کے اداروں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔
بھارت نے زیر تسلط کشمیر کو سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا: قمر زمان کائرہ
