Input your search keywords and press Enter.

کشمیر تنازع پر ایٹمی جنگ کا خدشہ،نظر انداز کرنا عالمی طاقتوں کے مفاد میں نہیں:ڈاکٹر فائی

استنبول(این این آئی)ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرتنازعے کی بنیادی وجہ اور ایٹمی جنگ کی بنیادبن سکتا ہے اور اس کو پس پشت ڈالنا عالمی طاقتوں کے طویل مدتی مفادمیں نہیں ہے جب تک کشمیریوں کی مرضی کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کیا جاتا، خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے استنبول میں چھٹی بین الاقوامی اسلامک یونین ماڈل کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی علاقوں میں اولین ضرورت ان کی زندگی کے حق کو فروغ دینا اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی علاقائی تنازعہ نہیں ہے اورنہ یہ کوئی ایسا تنازعہ ہے جو غیر ملکی دراندازوں یا شدت پسندوں نے پیدا کیا ہے۔ یہ تھیوکریسی اور سیکولرازم کے درمیان کی لڑائی بھی نہیں ہے بلکہ لاکھوں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کشمیر پر اپنے علاقائی حقوق کا دعویٰ کرکے کشمیر میں اپنی کارروائیوں کا جواز پیش کرتا ہے جو ان تمام بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے جن پر اس نے اقوام متحدہ میں اتفاق کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا اس دعوے کا دفاع کرنے کے لیے بھارت نے کئی ایسے قوانین منظور کیے ہیں جن کے تحت فوج اور پولیس کو کشمیری عوام کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار دیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے جبری گرفتاریوں اور املاک کی بے دریغ تباہی کوقانونی قرار دیا ہے اور فوجیوں اور پولیس کو بغیر وارنٹ کے تلاشی لینے کا حق دیا ہے۔ انسانی حقوق کے حوالے سے بین الاقوامی قانون کے اطلاق کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارت نے اپنی مسلح افواج کو کشمیریوں پرگولی چلانے کے اختیارات دے رکھے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے