کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سامنے آئیں۔
مسائل اور تنازعات کو جلد یا بدیر حل کرنا ہوگا اس سلسلے میں پرامن مذاکرات بہترین آپشن ہے ۔میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی وزیراعظم کے ایک آرٹیکل پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جبر پر مبنی پالیسیاں قلیل المدتی ہیں اور تاریخ کے حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔ادھر جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایک جلسہ میں خطاب کرتے کہا کہ کشمیریوں کو غلام بنایا جا رہا ہے ، ان پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کئے جائیں، ایسا نہ ہو کہ زلزلہ آ جائے اور پھر آپ اسے برداشت نہ کر سکیں۔ آج جموں کے لوگ بھی سمجھ گئے کہ دفعہ 370اور 35اے ان کے لئے سب سے بہترین چیز تھی ۔ ادھر مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری میں ایک ریٹائرڈ بھارتی فوجی سکھ دیو شرما کی پراسرار موت کیخلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ، مظاہرین نے روڈ بلاک کر کے نعرے لگائے ۔ سابق بھارتی فوجی کی ایک روز قبل کھیت سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی تھی ۔
