Input your search keywords and press Enter.

آج پاکستان و کشمیر سمیت ساری دنیا میں غلامی کے خلاف تحریکیں، غلامی سے انکار اور امریکہ و طاغوت کے خلاف مردہ باد کے نعرے در اصل حضرت امام خمینی رح کی نظریاتی فتح کا اعلان ہے۔

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم

 

کشمیر میگزین (نامہ نگار) حضرت امام خمینی رح کی برسی کے حوالے سے ایران کے علمی دارالحکومت قم میں ایک تجزیاتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے محققین، مصنفین، خطبا اور دانشوروں نے خطاب کیا۔

اس موقع پر حضرت امام خمینی رح کی تعلیمات و افکار اور تحریک آزادی کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ 

محققین نے اپنی گفتگو میں کہا کہ امام خمینی رح نے دنیا بھر کے مظلوموں کو ظلم و ستم سے نجات حاصل کرنے کا طریقہ سکھایا ہے۔

 

فاطمیہ فاؤنڈیشن کے صدر محترم پرویز حسین شاہ نے حضرت مام خمینی رح کی انقلابی حکمت کو کشمیریوں کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔ انہوں نے انقلاب اسلامی ایران اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کے مشترکات پر بھی روشنی ڈالی۔

 

کانفرنس کے دوران سندھی زبان کے قلمکار اور محقق جناب آفتاب اتحادی نے کہا کہ کشمیریوں کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ حضرت امام خمینی رح فرزند کشمیر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کو حضرت امام خمینی رح کے انقلابی افکار و نظریات سے ہم آہنگ کریں۔ اس موقع پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے محقق محترم حیدر ڈومکی نے کشمیری نوجوانوں کو حضرت امام خمینی رح کی شخصیت اور انقلاب سے آشنا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

گلگت سے تعلق رکھنے والے تجزیہ کار منظور حسین حیدری نے اپنی باری آنے پر کہا کہ جو قوم بھی غلامی اور جبر و استبداد کے شکنجے میں پھنسی ہوئی ہے اسے حضرت امام خمینی رح کی جدوجہد اور تحریک کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ کشمیر کے مشاہیر میں ایک عظیم نام حضرت امام خمینی کا ہے جس پر کشمیری جتنا بھی فخر کریں کم ہے۔ 

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے میڈیا کوراڈینیٹر رفیق انجم نے تین جون کو تاریخ کشمیر کا ایک اہم دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کشمیر میں حضرت امام خمینی رح کے آباو اجداد کی خدمات اور قربانیوں کے بارے میں بھی تحقیقات کو پیش کیا جانا چاہیے۔ 

خیبر پختونخواہ سے محترم محقق تنویر مطہری نے اپنی تحقیق کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر تحریک کو کامیابی سے ہمکنار ہونے کیلئے ایک دوراندیش اور ماہر رہبر و رہنما کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لحاظ سے کشمیری انتہائی خوش قسمت ہیں کہ ان کے پاس حضرت امام خمینی رح جیسا کامیاب، نڈر اور دوراندیش رہبر و قائد موجود ہے۔ تاہم حضرت امام خمینی رح کی جدوجہد، حکمت عملی، تحریک، اور پیغامات کو ملت کشمیر تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ 

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے سیکرٹری جنرل نذر حافی نے حضرت امام خمینی رح کے احساس ذمہ داری اور دانشمندانہ اقدامات کو ملت مظلوم کشمیر کیلئے ایک تجربہ شدہ، آزمودہ اور مجرب نسخہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے حضرت امام خمینی رح نے اپنی بصیرت کے ساتھ ، خالی ہاتھ ہونے کے باوجود دنیا بھر کے دشمنوں، مخالفین اور شیاطین کو عبرت ناک شکست دی۔ ان کے مطابق حضرت امام خمینی رح کی شخصیت ساری دنیا کے مظلوموں کے لیے خصوصا کشمیریوں اور فلسطینیوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

 

حضرت امام خمینی رح نے اسلامی انقلاب کے ذریعے دنیا بھر کے انقلابی جوانوں اور کمزور مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

 

حضرت امام خمینی رح نے دنیا بھر میں اپنی جدوجہد سے اللّٰہ تعالیٰ کے اقتدار اعلی کو منوایا ہے۔ آپ نے اسلامی جمہوریت کا صرف نظریہ نہیں دیا بلکہ اس نظریے کو کامیابی سے ہمکنار بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان و کشمیر سمیت ساری دنیا میں غلامی کے خلاف تحریکیں، غلامی سے انکار اور امریکہ و طاغوت کے خلاف مردہ باد کے نعرے در اصل حضرت امام خمینی رح کی فتح و بالا دستی کا اعلان ہے۔

یاد رہے کہ اس تجزیاتی کانفرنس کا انعقاد سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور صدائے کشمیر فورم نے کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے