سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: صدر پاکستان پیپلز پارٹی ازاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ نواسہ رسول (ص) سیدالشہدا حضرت امام حسین (ع) کی شہادت تاریخ اسلام کا وہ باب ہے جو صبر، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے اور ظلم و جبر کے خلاف خلاف ڈٹ جانے اور حق و سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کی وہ لازوال تاریخ ہے جو رہتی دنیا تک یاد رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز واقعہ کربلا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا دنیا کی تاریخ کا ایسا واقعہ ہے جس نے حق سچ کے ساتھ کھڑا ہونے کی وہ مثال قائم کی جس کی نظیر دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ فلسفہ امام حسین (ع) ہمیں اس بات کا درس دیتا ہے، حق، سچ اور اسلام کی سربلندی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ آج حسنیت زندہ ہے اور یزید کا نام و نشان مٹ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی حضرت امام حسین (ع) کے راستے پر چلتے ہوئے حق و سچ کی بات کرتی ہے، بانی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو شہید تختہ دار پر چڑھ گئے لیکن جابر حکمران کے سامنے سر نہیں جھکایا، ہماری عظیم قائد اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ گئیں اور جام شہادت نوش کیا لیکن جابر کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔
حضرت امام حسین (ع) کی شہادت صبر، ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے، چوہدری یاسین
