سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کا دورہ کیا اور ایک عوامی رابطہ پروگرام کی صدارت کی۔ ضلع ہیڈکوارٹر پلوامہ میں منعقدہ عوامی پروگرام کے دوران وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے عوامی وفود سمیت عوامی نمائندوں کی جانب سے اجاگر کیے گئے مسائل اور مطالبات کو سنا۔ ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں کے علاوہ بی جے پی کے کارکنوں نے پروگرام میں شرکت کی اور درخشاں اندرابی کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ عوامی رابطہ پروگرام کے پروگرام کے درخشاں اندرابی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ تمام مطالبات اور شکایات کو متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا اور مختصر مدت میں ہی ان مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔
صوبہ جموں کے ڈوڈہ ضلع میں حالیہ دنوں ہوئے عسکری حملے پر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے پاکستان کا نام لئے بغیر اس کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک نہیں چاہتا کہ جموں و کشمیر میں امن قائم ہو، لیکن حکومت ایسے عناصر کو جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالہ سے کہا کہ بی جے پی نے جموں کشمیر کی سبھی سیٹوں پر الیکشن لڑنے اور اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے اور بی جے پی جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ کام کرتی رہے گی۔ دریں اثناء جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کو مزید بااختیار بنائے جانے کے حوالہ سے انہوں نے مرکزی فیصلے کی ستائش کی اور کہا کہ اس طرح کے اختیارات سے ایل جی انتظامیہ کو جموں و کشمیر کے لوگوں کی بہتری کے لئے کام کرنے میں مدد ملے گی تاہم بی جے پی کے علاوہ کشمیر کی تمام سیایسی جماعتیں اس فیصلے کے خلاف مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔
