Input your search keywords and press Enter.

مظفر آباد میں پاسبان حریت، شباب ملی کے زیر اہتمام ریلیاں

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: ”یوم قرارداد الحاق پاکستان“ کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبان حریت اور شباب ملی کے زیراہتمام ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ریلیوں میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق ریلیوں کے شرکاء نے پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الااللہ اور جیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ پاسبان حریت کے زیراہتمام ہونے والی ریلی کی قیادت تنظیم کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، نائب چیئرمین عثمان علی ہاشم، حریت راہنما مشتاق الاسلام، مہاجرین کشمیر کے راہنمائوں حمزہ شاہین، غلام حسن بٹ، محمد اسحاق شاہین، خواجہ محمد صادق، محمد صدیق قریشی، محمد بشیر خان سماجی راہنما جاوید احمد مغل اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر 19 جولائی کی قرارداد کا متن اور اسے پاس کرنے والے کشمیری رہنماﺅں کے نام درج تھے۔ مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 19 جولائی 1947ء کو پاس کی گئی الحاق پاکستان کی قرارداد کی توثیق کر رہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ سرینگر میں پاس کی گئی 19 جولائی کی ”قرارداد الحاق پاکستان“ تحریکِ آزادی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، کشمیری عوام نے پاکستان بننے سے بھی پہلے اس کے ساتھ وابستہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ کشمیری مملکت خداداد پاکستان سے لازوال محبت رکھتے ہیں، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور دنوں ایک دوسرے کے بغیر ادھورے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بابائے حریت شہید سید علی شاہ گیلانی کا تخلیق کردہ نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے“ کا نعرہ کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ لازول محبت کا عکاس ہے۔مقررین نے کہا کہ کشمیری اس وقت بھارتی جبر و استبداد کا پامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں اور وہ بھارتی قبضے سے آزادی اور پاکستان میں شمولیت تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

 

دریں اثنا تحریک شباب المسلمین جموں کشمیر کے زیر اہتمام اپر اڈا لال چوک سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے سیکٹری اطلاعات اور تحریک شباب المسلمین کے نائب چیئرمین مشتاق احمد بٹ و حریت رہنما سید گلشن نے کی۔ ریلی میں صدر الشفاء مہاجر کیمپ عبدالحمید لون، صدر مہاجر کیمپ زیرو پوائنٹ چوہدری شاہ ولی، لال دین دورانی، جموں و کشمیر پیپلز لیگ آزاد کشمیر کے صدر ڈاکٹر یونس میر، چیف آرگنائزر مہاجرین نوجوان اتحاد سردار خورشید اعوان اور سٹوڈنٹس کے چیئرمین ریاض احمد اعوان، مرکزی چیف آرگنائزر نصیر احمد میر، وائس چیئرمین منیر کونشی، سیکٹری جنرل زبیر احمد، آصف دورانی، ارشد اعوان، فلک خان، امتیاز اعوان، شبیر اعوان، آفتاب علی، نزاکت قریشی اور اس کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کشمیریوں نے آج سے 77 برس قبل پاکستان کے ساتھ اپنا مستقبل وابستہ کر لیا تھا، وہ بھارتی قبضے سے آزادی اور پاکستان میں شمولیت کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بے مثال قربانیاں ایک دن رنگ لائیں گی اور پاکستان میں شمولیت کی ان کی تمنا ضرور پوری ہو گی۔

 

ادھر میرپور میں یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف ہمیشہ احتجاج کر کے ثابت کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے قیام سے قبل ہی اس سے الحاق کا فیصلہ کر لیا تھا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج کی طرف سے جاری ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی بھی شدید مذمت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے