سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مولانا غلام نبی نوشہری مرحوم کے آزادی کشمیر کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لیے آخری سانس تک لڑے گی، مولانا غلام بنی نوشہری نے مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی کے اندر اور باہر سیاسی سماجی اور عسکری محاذ پر جدوجہد کر کے تاریخ رقم کی ہے، جماعت اسلامی اپنے محسن غلام بنی نوشہری مرحوم سمیت لاکھوں شہداء کے مقدس لہو سے کسی کو بے وفائی نہیں کرنے دے گی۔ کشمیری آزادی کے لیے ساون کی بارش کی طرح اپنا خون برسا رہے ہیں، ہندوستان ایسی بہادر اور دلیر قوم کو طاقت کی بنیاد پر غلام نہیں رکھ سکتا، کشمیر کی آزادی کے لیے مظفرآباد اور اسلام آباد فیصلہ کن کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مولانا غلام بنی نوشہری مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، ثناء اللہ ڈار، مولانا عبدلعزیر علوی، سابق چیف جسٹس چوھدری ابراہیم ضیاء، شیخ عقیل الرحمان، حریت رہنما عزیر غزالی، مشتاق الاسلام، آصف یعقوب، راجہ آفتاب، سید ارشد بخاری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ حکومت کا اپنی ناک نیچے چند ہزاروں مہاجرین کے مسائل نہ حل کرنا المیہ ہے، حکومت مہاجرین کے مسائل حل کرے۔ مولانا غلام نبی نوشہری نے مہاجرین کے مسائل حل کیے، مہاجرین کی بحالی کے لیے شاندار کردار کیا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مولانا غلام بنی نوشہری نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی اسلامی نظام کے نفاذ اور مہاجرین کی خدمت کرنے میں گزاری ہے، ہندوستان کی جیلوں میں ٹارچر برداشت کیا مگر آزادی کا جذبہ کم ہونے کی بجائے زیادہ ہوتا چلا گیا۔
کشمیر کی آزادی کے لیے مظفرآباد اور اسلام آباد فیصلہ کن کردار ادا کریں، ڈاکٹر مشتاق
