Input your search keywords and press Enter.

بھارت نے ہندوتوا ایجنڈے کے تحت کشمیریوں کے حقوق چھین لئے ہیں، حریت کانفرنس

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے محصور کشمیریوں سے اظہار رائے اور سیاسی سرگرمیوں کے حقوق سمیت تمام حقوق چھین لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بی جے پی حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک جگہ جمع ہونے اور آزادی کے ساتھ اپنی بات کہنے کی بھی اجازت نہیں دے رہی بلکہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو ہراساں کرنے کے لئے طاقت اور کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور پولیس کے ساتھ ملکر بی جے پی حکومت نے ایک طرف میڈیا پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور دوسری طرف سیاسی قیادت کو دھمکایا جا رہا ہے کہ اگر انہوں نے کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف کوئی آواز اٹھائی تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ترجمان نے کہا کہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی چھتری تلے ہندتوا تنظیموں کے خفیہ ایجنڈے نے بھارتی فورسز کی مدد سے کشمیریوں کی معیشت کو کمزور کیا ہے اور ان سے قدرتی وسائل سمیت تمام وسائل چھین لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے مسلم اکثریتی جموں و کشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کے لیے مہاجر پنڈتوں اور غیر کشمیری ملازمین کے لیے ٹرانزٹ رہائش کے نام پر مزید ہندو بستیاں تعمیر کیں۔ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے حال ہی میں بھارتی فورسز کو ہزاروں کنال اراضی الاٹ کی اور نئے کیمپ اور مندر تعمیر کئے جو سب کے لیے چشم کشا ہونا چاہیے کہ کس طرح بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے