Input your search keywords and press Enter.

کشمیری عوام نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ترقی کے دعوئوں کو مسترد کر دیا ہے، مقررین

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: یوتھ فورم فار کشمیر اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے زیراہتمام یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیمینار کے مقررین میں سینیٹر زرقا سہروردی، الطاف حسین وانی، شیخ عبد المتین، فرخ پتافی، ایمبسڈر جوہر سلیم، زمان باجوہ اور دیگر شامل تھے۔ مقررین نے 19جولائی 1947ء کو کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کی جانب سے آبی گذر سرینگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی الحاق پاکستان کی قرارداد پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ یہ قرارداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کے ذریعے کشمیریوں نے اپنا سیاسی مستقل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا تھا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری قیادت نے یہ قرارداد پاکستان بننے سے بھی تقریبا ایک ماہ قبل منظور کی تھی، تاہم شاطر بھارتی قیادت نے کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے بر خلاف جموں و کشمیر میں فوج اتار کر اس پر قبضہ کیا۔

مقررین نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ مقررین نے واضح کہا کہ بھارت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ علاقے میں ترقی کے مودی حکومت کے جھوٹے پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مختلف وعدوں اور نعروں کے ذریعے کشمیریوں کو دھوکا دینے کی ہر ممکن کوشش کی ہے تاہم وہ ہر بار اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہا ہے۔ مقررین نے کہا پاکستان تمام تر مشکلات کے باوجود ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی حمایت اور وکالت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کی حمایت مسلسل جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے