سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے سرکاری محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کے لئے سروسز کو مزید بہتر بنائیں اور ریاست کی آمدن میں اضافہ کے لئے ریونیو کو بڑھائیں۔ وہ گزشتہ شب ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزراء حکومت چوہدری اظہر صادق، ملک ظفر اقبال، نثار انصر ابدالی، کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت، ڈی آئی جی چوہدری سجاد سمیت تمام ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔ پانی، بجلی، صحت، مال کے متعلق اداروں کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ عوام کو زیادہ سہولیات دینے کے لئے سرکاری محکمے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ وزیراعظم نے شہر کے اندر صاف پانی کے مسئلے پر محکمہ پبلک ہیلتھ کو 7 دن کے اندر قلیل المدت اور طویل المیعاد دونوں پلان پیش کرنے کی ہدایت کی اور نادہندگان سے پوری ریکوری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ڈی ایچ کیو میں اضافی 200 بیڈ کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پلان لانے کی ہدایت کی اور ساتھ شام کو پرائیویٹ او پی ڈی سروسز شروع کرنے کے لئے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرنے اور فالج کے مریضوں کے لئے ایمرجنسی میں پہلا 80 ہزار روپے والا انجیکشن فری مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے چڑہوئی اور سہنسہ سمیت مختلف جگہوں پر بجلی کے کم وولٹیج کا مسئلہ کرنے کے لئے فیڈرز کا بندوبست کرنے کے حوالے سے چیف آفیسر برقیات کو ہدایت کی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ بجلی کم سے کم اور احتیاط سے استعمال کریں تاکہ لوڈ کی وجہ سے ٹرانسفارمرز اور دیگر سامان نہ جلے۔ انہوں نے محکمہ مال کو تحصیل کھوئی رٹہ میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن میں غلطیوں کو درستگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
سرکاری محکمے عوام کے لئے سروسز کو مزید بہتر بنائیں، وزیراعظم آزاد کشمیر
