سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی کامیابی اور ترقی کا زینہ ہوتی ہے، آزاد کشمیر میں جامعات کو معیار تعلیم بہتر کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کرنی ہوں گی اور ہمیں عالمی معیار کے مطابق آزاد کشمیر کی تدریسی درسگاہوں کو لانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی اس کے لئے جہاں اساتذہ کا اہم کردار ہے وہاں طلبہ و طالبات کو بھی محنت اور لگن سے آگے بڑھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔اس سلسلے میں حکومت اپنی ہر طرح سے معاونت اور مدد فراہم کرے گی۔ مجھے خوشی ہے کہ میں آج یہاں بطور چانسلر یونیورسٹی آف آزاد کشمیر کے بیسویں کانوووکیشن میں آپ لوگوں سے مخاطب ہوں اور میں اس پرمسرت موقع پر جہاں کامیاب طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتا ہوں وہاں پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں کو بھی خصوصی مبارکباد دیتا ہوں کہ اُن کی شب و روز محنت رنگ لائی اور آج کامیابی نے اُن کے قدم چومے۔
آپ لوگ یہاں سے فارغ التحصیل ہو کر جہاں ملک و قوم کی خدمت کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے وہاں پر آپ کے آبائی علاقے کا بھی آپ پر ایک قرض ہے اور اُس قرض کو آپ وہاں اس صورت میں اُتار سکتے ہیں کہ آپ اپنے علاقوں اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔ میں اپنے طور پر بھی بحیثیت صدر ریاست مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہوں چونکہ اب میڈیا اور سوشل میڈیا کا دور ہے آپ طلبا و طالبات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے بیسویں کانوووکیشن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کانووکیشن میں آزاد کشمیر کی تمام جامعات کے وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران، طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آج مجھے یہاں یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں جامعہ کشمیر سے طلبا و طالبات فارغ التحصیل ہو رہے ہیں آپ کی اس کامیابی میں جہاں آپ کے اساتذہ کا اہم کردار ہے وہاں اس میں آپ کے والدین کی دعائیں بھی آپ لوگوں کی کامیابی میں ساتھ تھیں۔ اس موقع پر میں والدین کو بھی آپ لوگوں کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ یہاں سے ڈگری لینے والے طلبا و طالبات عملی زندگی میں معاشرے کے ایک مفید شہری ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر آزاد کشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے صدر ریاست آزاد کشمیر و چانسلر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
