سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ ریاست بھر میں عملی طور پر ایسی تعلیمی پالیسز متعارف کروا رہے ہیں جس سے ہمارے طلباء دنیا بھر میں آزاد کشمیر کا نام روشن کریں گے۔ محکمہ تعلیم میں اصلاحات سے عوام کو حقیقی ثمرات مل رہے ہیں، اساتذہ کرام کے جملہ مسائل حل کریں گے تاہم محنت اور بہتر نتائج کی بھی مانیٹرنگ ہو گی، میرٹ کی بالادستی، این ٹی ایس کی شفافیت اور سفارشی کلچر کے خاتمے سے طول و عرض میں متوسط و غریب گھرانوں سے طلبا زیادہ مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ تعلیم کے معیار پر زیرو ٹالیرنس ہے، حاضری، تدریسی سرگرمیوں نتائج کی مانیٹرنگ کے علاوہ جزا و سزا کا عمل جاری ہے، محکمہ تعلیم کے افسران دیانت داری، محنت اور لگن سے فرائض سرانجام دیں۔ اساتذہ کرام محنت کریں، ہونہار طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو سراہتے ہیں، ایسے والدین بھی قابل تعریف ہیں جن کے بچے محدود وسائل میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی سے علاقے کا نام روشن کرتے ہیں۔ ملاقات کے دوران ٹیچرز ایسوسی کے وفد نے اساتذہ کرام کو درپیش مختلف مسائل، سکیل اپگریڈیشن کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے میرٹ پر تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں مرکزی راہنما ایسوسی ایشن ملک حبیب الرحمان، ضلعی صدر میرپور محمد اسماعیل، ضلعی صدر بھمبر انصر علی، اشرف نگیال، ضلعی صدر کوٹلی خالد رشید و دیگر ہمراہ تھے۔
محکمہ تعلیم میں اصلاحات سے عوام کو حقیقی ثمرات مل رہے ہیں، چوہدری انوارالحق
