Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر، 5 اگست کو ”یوم سیاہ“ منانے کی اپیل

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں تاکہ عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ بھارت جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے اور کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ذرائٰع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں یوم سیاہ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کی شناخت پر ایک شدید حملہ کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اور نظربند رہنما بلال صدیقی و دیگر حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے بھی پانچ اگست کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے مصائب و مشکلات کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے 5 اگست بروز پیر احتجاجی مظاہرے کریں۔

 

حریت قیادت نے واضح کیا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر کے متنازعہ خطے کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ساتھ ساتھ عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی بھی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی پسند کشمیریوں نے مودی حکومت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور وہ اپنے شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ اسیر رہنماﺅں مسرت عالم بٹ اور شبیر احمد شاہ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنے مقصد میں کامیاب ہون گے اور جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کا خاتمہ ہو گا۔ یاد رہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری پانچ اگست کو ”یوم استحصال“ کے طور پر بھی منائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے