سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ پیس ایند کلچرل آرگنائیزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔ ذرائع کے مطابق مشعال حسین ملک نے پانچ اگست کو منائے جانے والے”یوم استحصال کشمیر“ کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کی شناخت پر حملہ آور ہے اور اس نے مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے لوگوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت چھین کر کشمیریوں کی شناخت پر ایک بڑا وار کیا، اس کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو غیر قانونی اقدامات واپس لینے پر مجبور کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط میں کشمیریوں کی شناخت، تہذیب و تمدن شدید خطرے میں ہے۔ مودی حکومت کشمیریوں سے ان کا سب کچھ چھین کر انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ مشعال حسین ملک نے کشمیر کاز کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے، مشعال ملک
