سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی ہدایت پر مسلم کانفرنس خواتین ونگ ضلع مظفرآباد کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ سمعیہ ساجد تھی جبکہ تقریب کی میزبانی سینئر نائب صدر خواتین ونگ ضلع مظفرآباد سیدہ مقصوم ظہور کر رہی تھی۔ یوم استحصال کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ 05 اگست 2019ء ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کا خاتمہ کر کے ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک انتہا پسند ہندو ریاست ہے جہاں اقلیتوں کے حقوق جابرانہ تسلط سے غضب کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی جنتا پارٹی کشمیریوں اور مسلمانوں کی دشمن ہے آئین کی دونوں شقیں ختم کر کے بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں غیر ریاستی اور لاکھوں کی تعداد میں ہندوئوں کو آباد کرکے وہاں کی ڈیموگرافی کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں سے بھارت نے لاکھوں کے حساب سے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں ہندوؤں کو ڈومیسائل جاری کیے اور پوری ریاست میں کرفیو اور فوجی محاصرہ کے باعث ظلم و جبر کا لا امتناعی سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
مسلم کانفرنس خواتین ونگ ضلع مظفرآباد کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کی تقریب کا انعقاد
