سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ممتاز کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جیلوں میں اس سے قبل بھی کشمیری قائدین اور اسیران شہید ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بہادر کشمیری رہنما یاسین ملک کی صحت تشویشناک حد تک بگڑنا نہایت پریشانی کا باعث ہے۔ انہوں نے یاسین ملک اور دیگر کشمیری قائدین کی زندگی کو لاحق خطرات کے حوالے سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کو خط لکھنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ عالمی برادری کو خط لکھ کر یاسین ملک اور دیگر اسیر کشمیری قائدین کی حالت زار سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں اس سے قبل بھی کشمیری قائدین اور اسیران کی شہادتیں ہو چکی ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ کورونا وبا کے دنوں میں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارتی جیلوں میں کشمیری نظربندوں کو صحت کی سہولیات سے محروم رکھا گیا تھا۔ انہوں نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جھوٹے الزامات کے تحت قید محمد یاسین ملک کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں کو یاسین ملک سمیت دیگر کشمیری قائدین کی صحت و سلامتی کو لاحق سنگین خطرات پر فوری توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاسی رہنمائوں اور قیدیوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک بند کرے، بھارتی حکومت قید کشمیری قائدین کو صحت کی سہولیات نہ دے کر ان کے قتل کی مذموم حکمت عملی پر کاربند ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر یاسین ملک کو کچھ ہوا تو بھارت حکمران اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ انجینئر امیر مقام نے کشمیری قائدین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
وفاقی وزیر امور کشمیر کا یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش
