سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: کل جماعتی حریت کانفرنس کے ممتاز رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے سابق چیئرمین شیخ عبدالعزیز کو ان کے 16ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مظفرآباد کے مانک پہیاں مہاجر کیمپ میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق شیخ عبدالعزیز کو بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے 2008ء میں آج ہی کے دن ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں اس وقت شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف آزاد جموں و کشمیر کی طرف ایک زبردست مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔ تقریب کے مقررین نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے شیخ عبدالعزیز کی بے مثال خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سچے قائد اور نڈر محب وطن تھے، جنہوں نے کشمیر کے مقدس کاز کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ حریت کارکنوں نے کہا کہ شہید عزیمت شیخ عبدالعزیز ایک پیدائشی مجاہد تھے جنہوں نے ہر قسم کے مظالم کا بہادری سے سامنا کیا لیکن کبھی خوفزدہ نہیں ہوئے۔ مقررین نے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ غیرمتزلزل عزم کے ساتھ قابض بھارت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور بھارت کو ان کا حق خودارادیت بحال کرنے پر مجبور کریں گے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے ذریعے عالمی برادری نے دے رکھی ہے۔ پروگرام کے بعد ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔
شیخ عبدالعزیز کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت
