Input your search keywords and press Enter.

وزیراعظم آزاد کشمیر سے وویمن لائیرز فورم کے وفد کی ملاقات

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے آزاد کشمیر وویمن لائیرز فورم کے وفد نے بلقیس رشید منہاس ایڈووکیٹ کی قیادت میں وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ملاقات کی۔ وفد میں کوثر پروین اعوان ایڈووکیٹ، عالیہ عبدالرحمن ایڈووکیٹ، بیرسٹر ماہم فادیہ ایڈووکیٹ، روبیہ بٹ ایڈووکیٹ، سیدہ سمیہ شاہ ایڈووکیٹ، قرۃالعین مہر ایڈووکیٹ اور مریم فاروق ایڈووکیٹ شامل تھیں۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں انصاف کا حصول، میرٹ، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے خواتین وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ خواتین وکلاء معاشرے میں بہتری پیدا کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکر اتفاق و اتحاد سے ریاست کے نظام اور اداروں کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین وکلاء ویمن لائیرز فورم کے پلیٹ فارم سے آواز بلند کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک اختیار ہے صرف اور صرف مخلوق خدا کی خدمت کے لئے استعمال کروں گا، ریاست کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے خواتین وکلاء بھی اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ریاست سے برادری ازم، علاقائی ازم اور تعصب کو پروان چڑھنے سے روکنا ہے، معاشرے سے ناانصافی اور محرومیوں کا خاتمہ کرنے کے لئے اقدامات کرنے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اعلانات کا قائل نہیں ہوں، جو کہتا ہوں اس پر عملدرآمد کا قائل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گراس روٹ لیول سے بہتری لانے کی کوشش کر رہا ہوں، عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کو عوام پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر تقرریان ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کے لئے اضافی فنڈز مہیا کر دیے ہیں تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے لئے کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا باشعور طبقہ ہیں لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں اور لوگوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں آپ کا بنیادی کردار ہے اس فرض کو نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت مشن سمجھتا ہوں اور یہ کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے بددیانتی اور کرپشن کو دفن کر دیا ہے، اب صرف ایک ہی مشن ہے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو باعزت زندگی کی فراہمی اس سلسلے میں دس ارب کی لاگت سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے تاکہ معاشرے کے نادار خواتین و حضرات کی مدد کی جا سکے اور ریاست ان کے لئے کچھ کرے، بیروزگاری کے خاتمے کے لئے 5 ارب کا فنڈ مختص کیا ہے تاکہ ہنرمند خواتین و حضرات کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلیے بلاسود قرضے دیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہوں پوری دیانتداری سے قومی خزانے کی حفاظت کروں گا۔ اس موقع پر ویمن لائیرز فورم کے وفد نے وزیراعظم کے گڈگورنس، میرٹ، احتساب اور عوام دوست ایجنڈے کو سراہا اور انہیں آزادکشمیر کی خواتین وکلاء کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے