سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کا پاکستان کے 77ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پریڈ گراؤنڈ میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ کا فضل ہے کہ ہمیں ایک آزاد ملک نصیب ہوا، قائداعظم کی مدبرانہ قیادت کی بدولت، علامہ اقبال کی فکر اور قائدین کی جدوجہد کی وجہ سے ہمیں آزاد مملکت نصیب ہوئی۔تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے دفاع و سلامتی کے لیے قربانیاں پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کشمیری قیادت کی جانب سے 19جولائی 1947ء الحاق پاکستان کی قرارداد کشمیریوں کی پاکستان سے لازوال محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے اور کشمیر بنے گا پاکستان کشمیریوں کی آواز ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے شہداء پاکستان کے پرچم میں دفن ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ شدید معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کو ترجیح اول رکھا۔ مسلہ کشمیر پر پاکستان کی عالمی سطح کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا چیف آف آرمی سٹاف نے گزشتہ شب کاکول اکیڈمی میں تقریب سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اپنایا۔ کشمیری اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا بھارتی فوج مقبوضہ جمون و کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے، سری نگر میں سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے یوم آزادی پاکستان منائیں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت نے جیل خانہ میں تبدیل کر دیا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی شناخت ختم کر کے آبادی کی ہئیت تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی۔ اںھوں نے کہا ہندوستانی حکومت مسلمہ کشمیری قیادت کو بدترین ٹارچر کا نشانہ بنا رہی ہے۔ اقوام متحدہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، سبز ہلالی پرچم کی حرمت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان کے استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انوارالحق
