Input your search keywords and press Enter.

آزادکشمیر سے سفارشی کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے، انوارالحق

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہیں اور ہماری طاقت ہیں۔ آزادکشمیر کا نوجوان باشعور ہے، ریاست کے نظام کو مضبوط بنانے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے طلباء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہمارے نوجوان ریاست کے معمار ہیں، آگے جا کر آپ لوگوں نے ریاست کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام انٹرن شپ پروگرام سے فارغ ہونے والے طلباء و طالبات کو سرٹیفکیٹس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل (ریٹائرڈ) وقار احمد نور، وزراء حکومت چوہدری اظہر صادق، پیر مظہر سعید شاہ، عبدالماجد خان، چوہدری اکبر ابراہیم، ملک ظفر اقبال، سیکرٹری صاحبان حکومت اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات موجود تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست میں پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کو فعال کر دیا ہے، اب تمام تقرریاں میرٹ پر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سے سفارشی کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں شخصی اور جمہوری آزادیاں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائیٹ ٹو انفارمیشن اور ای گورنینس کا نظام لا رہے ہیں تاکہ ایک عام شہری کو معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نوجوان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی سطح کے طالب علموں کو وزارتوں میں وزراء کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں شہری آزادیاں سلب کی ہوئی ہیں۔ اس کی نسبت آزاد کشمیر میں شہری آزادیاں ہر شخص کو حاصل ہیں۔ آخر میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے