وٹفورڈ ( رپورٹ ) بیرون ملک کشمیر ی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومتی سطح پر خاموشی سے کشمیری عوام مایوس ہیں۔ 5اگست 2019 کے بعد کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ،صرف بیانات دیئےجارہے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیر ی عوام کو خود حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار بانی صدر جموں کشمیر کونسل ہیو میں رائٹس ڈاکٹر نذیر گیلانی نے راولپنڈی میں مختلف کشمیری تنظیموں کے رہنماوں اور میڈیا سے گفتگومیں کیا۔ نذیر گیلانی نے کشمیر ی رہنماون سے دوران ملاقات کہا کہ حق خودارادیت کشمیر ی عوام کا بنیادی حق ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیری عوام کسی بھی فارمولے کو تسلیم نہیں کرتے ،نہ ہی کشمیر کو تقسیم کیا جا سکتا ہے، پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد دادوں کے مطابق روڈ میپ طے کریں ،مسئلہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ نہیں ،کشمیر ی عوام مسئلہ کے بنیادی فریق ہیں، انہوں نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی سہ فریقی کانفرنس کا مطالبہ جائز ہے، انہوں نے کہا کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کا پرامن و پائیدار حل چاہتے ہیں اس پر کشمیر کے دونوں اطراف کشمیر ی قیادت کے آپس میں رابطے بحال ہونا چاہئے، جنگ بندی لائن کھول دی جائے ، ریاست کے دونوں اطراف کشمیر ی عوام کو آپس میں ملنے دیاجائے، ریاست کے دونوں اطراف مقامی حکومتیں عوام کو آنے جانے کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کریں، انہوں نے کہا حکومت پاکستان آزاد کشمیر میں میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ، ریلوے و دیگر مطالبات پر سنجیدگی سے توجہ دے ۔ ملاقات میں پروفیسر زاہد ، سید ذوالفقار شاہ، ندیم کھوکھر، محمد علی شوکت و دیگر شامل تھے۔
خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، نذیر گیلانی
