Input your search keywords and press Enter.

غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں کا شہدائے کپواڑہ کو زبردست خراج عقیدت

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں نے کپواڑہ قتل عام کے شہداء کو ان کے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 27جنوری 1994ء کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے ایک دن بعد بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ میں 27 شہریوں کا قتل عام کیا تھا۔ فوجیوں نے 26جنوری کو مکمل ہڑتال کرنے پر لوگوں کو سزا دینے کے لیے بڑے پیمانے پر قتل عام کیا۔ غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کپواڑہ کے شہداء سمیت تمام شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ قتل عام مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ وہ کسی کو بھی ان شہداء کی قربانیوں سے غداری کی اجازت نہیں دیں گے اور کشمیری شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد آزادی کو ہر ممکن طریقے سے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کپواڑہ، ہندواڑہ قتل عام اور مقبوضہ علاقے میں بے گناہ لوگوں کے قتل کے دیگر المناک واقعات میں ملوث بھارتی فوجیوں کو آج تک سزا نہیں دی گئی۔ حریت رہنمائوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کو جوابدہ بنائے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اس پر دبائو ڈالے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے