سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بلتستان انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مختلف مقامات سے ریلیاں نکالی گئیں، جن کی قیادت صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات راجہ ناصر علی خان، کمشنر بلتستان کمال خان، ڈی آئی جی بلتستان آصف اقبال مہمند نے کی۔ ریلی میں ڈائریکٹر محکمہ تعلیم بلتستان ذوالفقار علی، ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر اشرف حسین اور دیگر تمام ڈویژنل ہیڈز نے بھی شرکت کی۔ ایس ایس پی سکردو کاچو ناصر عباس اور قائم مقام ڈپٹی کمشنر سکردو ولی فلاحی بطور منتظمین شریک رہے۔ ریلی میں کشمیری مسلمانوں کے حق میں کشمیر کی آزادی اور بھارتی جبر و مظالم کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ ریلی میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 سکردو، ہائیر سیکنڈری سکول سکمیدان اور ڈویژنل کمپلیکس بلتستان سے نکالی گئی ریلیوں کے شرکاء چھومک پل پہنچے جہاں مقررین نے خطاب کیا۔ سکردو پولیس نے حفاظت کے مؤثر انتظامات کیے تھے جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی ٹریفک کے نظام کو بہتر انداز میں چلاتے رہے۔
بلتستان انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی ریلیاں نکالی گئیں
