سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور ممتاز سفارت کار سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ نہ صرف آزاد جموں و کشمیر بلکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر بھی پاکستان کی دفاعی ڈھال کا کام کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سردار مسعود خان نے یہ بات اسلام آباد میں پاکستان آئیڈیالوجی کونسل اور انگریزی روزنامہ پاکستان آبزرور کے زیراہتمام ایک کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کشمیریوں کو تقسیم کرنے کی بھارتی کوششوں کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک سے توجہ ہٹا نے کیلئے آزاد کشمیر کے حوالے سے بے بنیاد باتیں پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک آزادی کو کمزور کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کو پاکستان کی پہلی دفاعی لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں بدامنی یا انتشار ملک کے مفاد میں نہیں ہو گا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں کشمیر کے محکوم لوگوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دس لاکھ کے لگ بھگ بھارتی فورسز اہلکاروں کا پامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور بھارتی شہریوں کو آباد کرنے کیلئے کشمیریوں سے زمینیں چھین رہا ہے۔
کشمیری 10 لاکھ کے قریب بھارتی فورسز اہلکاروں کا پامردی سے مقابلہ کر رہے ہیں، مسعود خان
