سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے علاقے کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے پر زور دینے کیلئے آج سے 15 روز مہم کا آغاز کر دیا۔ انڈین نیشنل کانگریس مقبوضہ جموں کشمیر شاخ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مقبوضہ علاقے کی کانگریس شاخ کے صدر طارق حمید قرہ نے جموں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ہماری ریاست، ہمارا حق“ کے عنوان سے مہم (آج) جمعرات سے ادھم پور سے شروع کی جائے گی۔ انہوں نے ریاستی حیثیت کی بحالی میں تاخیر پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارتی وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو ان کے وعدے یاد دلائے لیکن انہوں نے کوئی سنجیدہ توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی ایک سنجیدہ معاملہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا یہ مطالبہ فوری پورا کیا جائے۔ قرہ نے مزید کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی میں تاخیر کے لئے بی جے پی قیادت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پانی، بجلی، راشن جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے اور وہ سمجھے ہیں کہ انتخابات کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ قرہ نے کہا کہ لوگوں کی مایوسی میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر، کانگریس نے ”ریاستی درجے“ کی بحالی کیلئے 15روز مہم شروع کر دی
