سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض ہندوستانی فورسز کی جانب سے اسلامی کتب اور تاریخ کشمیر کی کتابیں اور کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے کشمیر کی تاریخ اور کلچر مٹانے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہوں گی۔ 05 اگست 2019ء کے غیر آئینی غیر قانونی اور غیراخلاقی اقدام کے بعد ہندوستان تسلسل سے ایسی مذموم کارروائیاں کر رہا ہے۔ہندوستان کا نشانہ کشمیری مسلمان ہیں۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی انتہاء پسند حکمران آر ایس ایس کے ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کی شناخت مٹانے، ان کی تاریخ کو تبدیل کرنے اور جموں و کشمیر کی نئی نسل کو گمراہ کرنے کے لیے سکولوں میں ہندوتوا نظریے پر مبنی نصاب مسلط کر رہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہندوستان نے انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا کر کشمیریوں کا بدترین قتل عام کر کے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے میں ناکام رہا ہے اب ڈیموگرافی کی تبدیلی اور کشمیریوں کی تاریخ اور تشخص مٹانے کی بھی مذموم کوشش کر رہا ہے جس میں اسے اللہ کے فضل سے ناکامی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہندوستان کی اس بربریت اور انتہا پسندی کا نوٹس لیں، ہندوستان اس خطے میں دہشت گردی کا ماسٹرمائنڈ ہے، ہندوستان کے مذموم ہتھکنڈوں کی وجہ سے سارے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے۔
بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے کشمیر کی تاریخ اور کلچر مٹانے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہوں گی، پیر مظہر
